امریکہ میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ
امریکہ میں منگل کو مسلسل ساتویں روز کرونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ بدھ کو ایک ہی دن میں یومیہ کیسز کی ریکارڈ تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 1450 اموات ہوئی ہیں۔ اگست کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب امریکہ میں یومیہ اموات کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ، دو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ دو لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کرونا وائرس کی تحقیقات کی معلومات کا تبادلہ نہیں کر رہا: امریکہ کا شکوہ
امریکہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے شکایت کی ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین میں کرونا وائرس کی جائے پیدائش سے متعلق اپنی تحقیقات کے بارے میں اب تک معلومات فراہم نہیں کیں۔
امریکی محکمۂ صحت کے اہلکار گیرٹ گرسبی نے منگل کو ڈبلیو ایچ او کے رکن ممالک سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کے دوران کہا کہ کرونا وائرس کی تحقیقات کے سلسلے میں قائم ڈبلیو ایچ او کے مشن نے چین میں اپنی تحقیقات کے بارے میں معلومات کا تبادلہ دیگر اقوام سے نہیں کیا۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ چین میں کرونا وائرس سے متعلق جن امور پر تحقیقات کی جانی تھی اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او نے تمام رکن ممالک سے شفاف انداز میں بات چیت نہیں کی۔
گیرٹ گرسبی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی ابتدا کہاں سے ہوئی اس حوالے سے بھی شفاف اور جامع تحقیقات ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران ڈبلیو ایچ او کی قیادت میں ایک تحقیقاتی ٹیم نے چین میں جانوروں سے کرونا وائرس کی پیدائش سے متعلق تحقیقات کی تھی تاہم بعض سائنس دان فکر مند ہیں کہ اب تک جو تحقیقات ہو چکی ہے اس کی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
امریکہ: نومبر کے 10 دن میں 10 لاکھ افراد کرونا وائرس سے متاثر
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں نومبر کے پہلے 10 دن میں 10 لاکھ سے زائد افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے مطابق اب تک امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جو کسی بھی ملک میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکہ کی وسط مغربی ریاستیں اس وقت کرونا وائرس سے زیادہ متاثر ہیں جہاں پر اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اسپتالوں میں وبا سے متاثرہ 59 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کرونا وائرس کی نئی لہر بہار اور گرمیوں میں آنے والی لہر سے زیادہ شدید ہے اور حالات کے مزید خراب ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
'اے پی' کے مطابق جہاں اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں ہلاکتیں بھی آہستہ آہستہ بڑھنے لگی ہیں۔ اس وقت امریکہ میں اوسطاً 930 افراد یومیہ ہلاک ہو رہے ہیں۔