پاکستان میں مزید 32 اموات، 2400 سے زائد نئے کیس رپورٹ
پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آتی جا رہی ہے اور اتوار کو ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 2443 کیسز رپورٹ جب کہ اس مہلک وائرس کے باعث 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وبا کے باعث مجموعی ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار 141 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک تین لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں تین لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اب تک 49 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
امریکہ میں کرونا سے مجموعی ہلاکتیں دو لاکھ 43 ہزار سے زائد ہیں: سی ڈی سی
امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگران ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کی ہفتے کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ 6 لاکھ 90 ہزار 665 امریکی اب تک کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اب تک اس عالمی وبا سے دو لاکھ 43 ہزار 580 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکی ریاست نارتھ ڈکوٹا کے حکام نے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ نارتھ ڈکوٹا 35 ویں امریکی ریاست ہے جہاں عوامی مقامات پر بھی ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ دنیا بھر میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جس کے بعد دوسرے نمبر پر جنوبی ایشیائی ملک بھارت ہے۔
فرانس میں کرونا وائرس کے مزید 32 ہزار سے زائد کیس رپورٹ
فرانس میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کو ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
فرانس میں اب تک 19 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 359 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 44 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث فرانس میں مزید پابندیاں لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کرونا کے مثبت ٹیسٹ کی شرح سات فی صد سے بڑھ گئی
پاکستان میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیشِ نظر ٹیسٹ کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح سات فی صد سے بڑھ گئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2128 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے تین لاکھ 59 ہزار سے زیادہ کیسز اور سات ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 29 ہزار سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک ٹیسٹ کی مجموعی تعداد 49 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے شکار 1379 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ تین لاکھ 23 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔