سعودی عرب میں سات ماہ بعد 300 سے کم کیس رپورٹ
سعودی عرب میں کرونا وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے اور جمعرات کو سات ماہ بعد 300 سے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں صرف 290 کیس رپورٹ ہوئے جن میں 63 ریاض جب کہ 29 کیس مدینہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں مجموعی طور پر تین لاکھ 54 ہزار سے زائد کیس جب کہ اس مہلک وائرس سے 5700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 411 افراد اس مرض سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
براعظم افریقہ میں کرونا کیسز 20 لاکھ سے متجاوز
افریقی ممالک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے 54 ممالک پر مشتمل براعظم کو وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔
افریقہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق مجموعی طور پر افریقی ممالک میں اب تک 48 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو دنیا بھر میں کرونا سے ہونے والی اموات کا چار فی صد ہے۔
ایک ارب 30 کروڑ نفوس پر مشتمل افریقی ممالک کو وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ کیوں کہ معاشی صورتِ حال کے باعث کئی ممالک نے پابندیاں ہٹا لی ہیں۔
افریقہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کے کامیاب ٹرائلز کی خبریں خوش آئند ہیں۔ تاہم اُن کے بقول افریقی ممالک تک اس کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہو گا کیوں کہ یہاں سہولیات کا فقدان ہے۔
ایک لاکھ سے زیادہ اموات کے ساتھ میکسیکو دنیا کا چوتھا ملک بن گیا
میکسیکو میں کرونا وائرس سے اموات کی کل تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد میکسیکو ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے جہاں ایک لاکھ سے اموات ہوئی ہیں۔
عالمی وبا سے جن دیگر ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں ان میں امریکہ، برازیل اور بھارت بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
میکسیکو کے وزیرِ صحت ہیوگو لوپیز نے جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا سے مزید 576 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد ایک لاکھ 104 تک پہنچ گئی ہے۔
میکسیکو میں اب تک 10 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اموات کی شرح میں کمی آئی ہے تاہم کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت کرونا وائرس سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں جمعے کو کرونا کیسز کی کل تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں اب تک ایک لاکھ 32 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی میں اسپتال کرونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ چند روز کے دوران کیسز میں کمی آئی ہے تاہم اب بھی اوسطاً یومیہ 45 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔