چین: شنگھائی ایئرپورٹ عملے کے کرونا ٹیسٹ، سیکڑوں پروازیں منسوخ
چین کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب شنگھائی میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
چین کے محکمۂ صحت کے مطابق شنگھائی میں رپورٹ ہونے والے سات کیسز کا تعلق پوڈنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو سیکشن کے عملے کے ساتھ تھا جس کے بعد ایئرپورٹ کے ہزاروں ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
ویری فلائٹس کے مطابق منگل کو پوڈنگ ایئرپورٹ سے شیڈول 500 فلائٹس منسوخ کی گئی ہیں جن میں سے تقریباً آدھی پروازیں اندرونِ ملک کی تھیں۔
اسی طرح تنجیان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی روزانہ اڑنے والی تقریباً آدھی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ تنجیان میں ہفتے کو مقامی سطح پر کرونا منتقلی کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
سوڈان: 10 روز کے دوران 7 ڈاکٹرز کرونا سے ہلاک
سوڈان میں 10 روز کے دوران سات ڈاکٹرز کرونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہلاکت ملک میں حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔
سوڈان کی وزارتِ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ساتوں ڈاکٹروں نے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج، مرض کے پھیلاؤ کو روکنے اور سوڈانی عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے انتھک محنت کی۔
حکومت نے اس حادثے کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے وبائی مرض کے خلاف مقابلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کو حقیقی ہیرو قرار دیا جو اپنے لوگوں کا دفاع کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
گزشتہ ماہ بھی سوڈان میں کرونا وائرس سے تقریباً 100 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
کرونا ویکسین پاکستان میں کب ملے گی؟
کرونا وائرس کی ویکسین مارکیٹ میں کب آئے گی؟ پاکستان میں کب دستیاب ہو گی؟ اور سب سے پہلے کن لوگوں کو دی جائے گی؟ کیا پاکستان کے پاس بڑے پیمانے پر ویکسین خریدنے کے وسائل ہیں؟ جانیے ان تمام سوالوں کے جوابات اور ویکسین سے متعلق مزید معلومات وائس آف امریکہ کے نئے سلسلے 'آن لائن کلینک' کی پہلی قسط میں۔
مسافروں کو سفر سے پہلے کرونا ویکسین لینے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا: قنطاس
آسٹریلیا کی فضائی کمپنی قنطاس کا کہنا ہے کہ اس کے جہازوں میں سفر کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کو جہاز پر سوار ہونے سے قبل یہ ثبوت فراہم کرنا ہو گا کہ وہ کرونا وائرس کی ویکسین لے چکے ہیں۔
قنطاس کے چیف ایگزیکٹو ایلن جوئس نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کے خیال میں مستقبل میں سفر کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویکسین لینے کا ثبوت فراہم کرنا ضروری ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اندرونِ ملک سفر کرنے والوں کے لیے بھی ایسا کرنا ضروری ہو گا یا نہیں۔
ایلن جوئس کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کے اہلکاروں سے مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ویکسین لینے کا ثبوت فراہم کرنا مستقبل میں معمول کی بات ہو گی۔
خدشہ ہے کہ اس اقدام کی مخالفت کرنے والوں کی طرف سے فضائی کمپنی کو مقدمات کا سامنا ہو سکتا ہے۔