وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم کرونا سے متاثر
پاکستان کی وزارتِ قانون کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
بیان میں وزیرِ قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وہ وبا کی معمولی علامات محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کراچی میں اپنے گھر سے سرکاری امور کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔
عام لوگوں تک کرونا ویکسین پہنچانا کتنا مشکل ہو گا؟
کرونا وائرس کی ویکسین کی عام لوگوں تک رسائی کتنی مشکل ہو گی؟ کیا ویکسین آنے کے بعد بھی ٹیسٹنگ کی ضرورت ہو گی؟ اور کیا کرونا وائرس کی ویکسین کچھ لوگوں کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے؟ جانیے یہ سب اور بہت کچھ وائس آف امریکہ کے 'آئن لائن کلینک' کی چوتھی قسط میں۔
بائیڈن کی کانگریس سے دسمبر میں کرونا ریلیف پیکیج منظور کرنے کی اپیل
امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسی معیشت بنانا چاہتے ہیں جو تمام امریکیوں کے حق میں کام کرے۔
وہ کرونا بحران سے پیدا ہونے والے مسائل کے تناظر میں 20 جنوری سے شروع ہونے والی اپنی چار سالہ صدارت میں اقتصادی پالیسیوں کے متعلق بات کر رہے تھے۔
اپنے آبائی شہر ولمنگٹن میں نئی انتظامیہ کے لیے اقتصادی امور کی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ جانتا ہوں کہ یہ ایک کٹھن دور ہے، لیکن میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے لیے امداد آ رہی ہے۔
بائیڈن نے فیڈرل ریزرو کی سابقہ چیئر پرسن جینٹ ییلن کو وزیرِ خزانہ نامزد کرتے ہوئے کانگریس سے کہا کہ وہ دسمبر میں ہی نئے قانون ساز ارکان کے آنے سے پہلے عوام کے لیے کرونا امدادی ریلیف پیکیج کا بل پاس کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی امداد کی فراہمی محض ایک آغاز ہو گی اور جب وہ حکومت کی باگ دوڑ سنبھالیں گے تو نئی تجاویز دیں گے۔
مزید جانیے
امریکہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کی لپیٹ میں
امریکہ میں جہاں ایک طرف کرونا ویکسین عوام تک پہنچانےکی تیاریاں کی جا رہی ہیں، وہیں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ سے بھی بڑھ چکی ہے۔ امریکہ میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال کے بارے میں جانتے ہیں وائس آف امریکہ کے ندیم یعقوب سے اسد اللہ خالد کی گفتگو میں۔