پرتگال میں کرسمس سیزن میں پابندیوں میں توسیع
یورپ کے ملک پرتگال میں کرسمس کے موقع پر ہونے والی چھٹیوں کے پیش نظر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کردہ ہنگامی حالات میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
پرتگال میں اب پابندیاں رواں ماہ 23 دسمبر تک برقرار رہیں گی۔
پرتگال کی پارلیمنٹ پابندیوں میں صرف 15 دن کی توسیع کر سکتی ہے۔ تاہم صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا نے فیصلے میں پابندیوں کو اگلے سال 7 جنوری تک نافذ کرنے سے متعلق واضح کیا ہے۔
کرونا وائرس کے سبب ملک کے اکثریتی علاقوں میں لگائی گئی ایمرجنسی میں رات کے اوقات میں کرفیو اور ہفتے کے آخری دنوں میں نصف دن کا لاک ڈاؤن شامل ہے۔
ایران میں اموات 50 ہزار سے متجاوز
ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں جزوی لاک ڈاؤن وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں فائدہ مند تو ثابت ہوئے۔ تاہم اس اقدام سے ہلاکتوں میں کمی نہ ہو سکی۔
صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگر لوگوں نے محکمۂ صحت کے احکامات پر عمل نہ کیا تو لاک ڈاؤن دیگر شہروں تک پھیلایا جا سکتا ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 ہزار سے زائد افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 347 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات 50016 ہو گئی ہیں۔
پاکستان میں 3308 نئے کیس رپورٹ، مزید 58 اموات
پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3307 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان میں اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چار لاکھ 16 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 افراد اس مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
پاکستان میں اب تک اس وبا سے آٹھ ہزار 361 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اس مرض سے تین لاکھ 55 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 41 ہزار سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر اب تک 57 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
امریکہ: چھٹیوں کے سیزن میں کرونا کیسز میں بھی اضافہ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں چھٹیوں کے سیزن میں کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اسپتالوں میں گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اسپتالوں پر دباؤ بڑھنے سے نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
سین ڈیاگو اور لاس اینجلس میں ریستورانوں میں ڈائننگ ختم کرنے کے علاوہ، تھیٹرز، سیلون اور بعض دیگر کاروبار ہفتے سے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق جمعے کو امریکہ میں ریکارڈ دو لاکھ 28 ہزار کیس رپورٹ ہوئے جب کہ جمعرات کو دو لاکھ 17 ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق امریکہ میں ایک ہفتے میں یومیہ اموات کی شرح اوسظً دو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ جمعے کو وائرس سے مزید 2607 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں جمعرات کو وائرس کے باعث یومیہ ریکارڈ 2879 اموات ہوئی تھیں۔