برطانیہ: کرونا ویکسین کی پہلی خوارک رواں ہفتے دی جائے گی
برطانیہ میں کرونا وائرس کی ویکسین کی پہلی خوارک رواں ہفتے دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ ویکسین نرسنگ ہومز میں مقیم افراد، طبی عملے اور 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو دی جائے گی۔
برطانیہ میں 50 بڑے اسپتالوں کو ویکسین کی تقسیم کے لیے چنا گیا ہے جہاں پیر سے ویکسین کی خوراکوں کی فراہمی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ نے گزشتہ ہفتے امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' اور جرمن کمپنی 'بائیو اینڈ ٹیک' کی مشترکہ طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین کی منظوری دی تھی۔
برطانیہ ہنگامی صورتِ حال میں کرونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک ہے۔ حکومت نے ابتدائی طور پر چار کروڑ خوارکوں کا آرڈر دیا ہے جو دو کروڑ افراد کو دو مراحل میں لگائی جائے گی۔
برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق ویکسین کی مزید خوراکیں موصول ہونے کے بعد تقسیم کے بھی مزید مراکز قائم کیے جائیں گے۔
جرمنی: جنوری میں کرونا ویکسینیش کا امکان
جرمن چانسلر اینگلا مرخیل کے چیف آف اسٹاف نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ برس جنوری کے ابتدائی ایام میں ہی ملک میں کرونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔
یورپی یونین کے حکام کی جانب سے 29 دسمبر کو کرونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔ اس سے قبل ہی جرمنی نے خصوصی ویکسینیش سینٹر قائم کر لیے ہیں۔
جرمن چانسلر کے چیف آف اسٹاف ہیلگے برین نے مقامی اخبار کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ میڈیکل حکام کی معاونت کرنے کے لیے تیار ہیں اور جب ویکسین لینے کے لیے ہمارا نمبر آئے گا تو اینگلا مرخیل کو بھی ویکسین دی جائے گی۔
جرمنی میں کرونا کیسز میں کبھی اضافہ تو کبھی کمی واقع ہو رہی ہے جب کہ دو نومبر سے ملک میں جزوی لاک ڈاؤن بھی نافذ ہے جو 10 جنوری تک جاری رہے گا۔
کرونا وائرس: بھارتی کشمیر میں شادیوں کی رونقیں بھی ماند
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں شادی بیاہ اور خوشی کے مواقع پر نظر آنے والا مہمان نوازی کا روایتی انداز کرونا وائرس کی عالمی وبا نے بدل کر رکھ دیا ہے۔ اب شادیوں میں پہلے جیسی رونقیں ہیں اور نہ مہمانوں کے لیے روایتی 'وازوان' پکانے کی وہ دوڑ دھوپ جن کے بغیر تقریبات ادھوری سمجھی جاتی ہیں۔ سرینگر سے زبیر ڈار کی رپورٹ۔