میری توجہ کرونا کے خاتمے پر ہے، بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے سینیٹ میں اپنے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری مواخذے کی کارروائی پر کہا ہے کہ اُن کی توجہ اس ٹرائل پر نہیں بلکہ کرونا وائرس کے خاتمے پر ہو گی۔
منگل کو وائٹ ہاؤس کے 'اوول آفس' میں ایک نشست کے دوران جب صحافیوں نے صدر بائیڈن سے سوال کیا کہ کیا وہ سینیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں؟ اس پر بائیڈن کا کہنا تھا کہ نہیں، وہ ایسا نہیں کر رہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم پہلے ہی کرونا وائرس کے باعث ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ اموات کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔ اگر ہم نے فوری طور پر ٹھوس اقدامات نہ کیے تو اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے بچے بھوکے ہیں اور متعدد خاندانوں کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔ ایسے تمام افراد مشکل میں ہیں جن کا ازالہ میری ذمہ داری ہے۔
کیا کرونا اور کرپشن میں کوئی تعلق ہے؟
دنیا بھر میں کرپشن پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کچھ ملکوں میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سسٹم کی خرابیاں سامنے آئی ہیں۔ پاکستان میں کیا صورتِ حال ہے اور کیا کرونا اور کرپشن کے درمیان کوئی تعلق ہے؟ جانیے ماہرِ معاشی امور ڈاکٹر قیصر بنگالی سے۔
جرمن کمپنی بائیو این ٹیک نے ویکسین کی تیاری کے لیے نیا پلانٹ لگا لیا
یورپ میں کرونا ویکسین کی طلب میں اضافے کے پیشِ نظر جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک نے ماربرگ قصبے میں ویکسین کی تیاری کے لیے نیا پلانٹ لگا لیا ہے۔
کمپنی نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمن حکام کی معاونت سے ماربرگ میں فوری طور پر نیا پلانٹ لگایا گیا ہے جہاں ویکسین کی پروڈکشن شروع ہو گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے یونٹ سے تیار ہونے والی ویکسین کے پہلے آرڈر کی ترسیل اپریل کے اوائل میں متوقع ہے۔
یورپین میڈیسن ایجنسی مذکورہ پلانٹ میں تیار ہونے والی ویکسین کی کوالٹی کا جائزہ لے گی جس کے بعد اس کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی۔
پاکستان میں رواں ماہ کے 10 دن میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک
فروری کے ابتدائی 10 دن میں پاکستان میں کرونا وائرس سے پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 57 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 185 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنوری 2021 کے آخری ہفتے سے پاکستان میں وبا سے اموات کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری کے ابتدائی دس دن میں پاکستان میں وبا سے 502 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔