برطانوی وزیرِ اعظم کا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا جامع منصوبہ پیش کرنے کا اعلان
برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ وہ پیر کو لاک ڈاؤن کے خدشات کو ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کریں گے۔
وزیرِ اعظم آفس 'ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ' سے جاری بیان کے مطابق بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں تدریسی عمل بحال کرنا اور لوگوں کو محفوظ انداز سے اپنے پیاروں سے ملنے کی اجازت دینا ان کی بنیادی ترجیح ہے۔
بورسن جانسن پیر کو ایوان میں کرونا وائرس سے نمٹنے اور پابندیوں میں نرمی سے متعلق اپنی نئی حکمتِ عملی بیان کریں گے اور وہ اس سلسلے میں نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔
برطانوی وزیرِ اعظم کی جانب سے آٹھ مارچ سے اسکولوں میں تعلیمی عمل بحال کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں گزشتہ برس دسمبر میں سب سے پہلے کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا اور اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ افراد ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں۔
عالمی وبا سے برطانیہ میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
بھارت میں ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھ لاکھ 38 ہزار افراد کو ویکسین دی گئی۔ جب کہ مجموعی طور پر ایک کروڑ 17 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق صحتِ عامہ کے کارکنوں میں ویکسین کے تعلق سے تحفظات ہیں۔ اسی لیے ویکسین لگانے کا عمل سست ہو رہا ہے۔
محکمہ صحت کو اس بات پر تشویش ہے۔
'کوویکس' پروگرام کیا ہے؟
عالمی ادارۂ صحت کا کرونا ویکسین فراہم کرنے کا 'کوویکس' پروگرام کیا ہے؟ جانیے ان گرافکس میں۔
پاکستان میں لگ بھگ 24 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں وبا سے متاثرہ لگ بھگ 24 ہزار افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 1050 افراد متاثر ہوئے۔ جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 73 ہزار 384 ہو گئی۔
حکام کے مطابق وبا سے متاثرہ پانچ لاکھ 36 ہزار 243 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 12 ہزار 658 کی ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار ے مطابق پاکستان میں اب بھی 24 ہزار 483 افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 1616 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔