برطانیہ میں دو کروڑ افراد کو کرونا ویکسین لگا دی گئی
برطانوی حکام کے مطابق اب تک لگ بھگ دو کروڑ برطانوی شہریوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جا چکی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یورپی ممالک کے مقابلے میں برطانیہ کی ویکسی نیشن مہم زیادہ تیز ہے۔
وزیرِ اعظم بورس جانسن نے اسے پوری قوم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ طبی عملہ، رضاکار اور مسلح افواج کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔
جانسن نے عوام پر زور دیا کہ جیسے ہی کال موصول ہو، عوام یہ ویکسین ضرور لگائیں کیوں کہ یہ کرونا سے لڑنے کا مؤثر ہتھیار ہے۔
برطانیہ میں اب تک کرونا سے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ملک میں اب تک آٹھ لاکھ سے زائد افراد کو ویکیسن کی دوسری خوراک بھی لگ چکی ہے۔
برطانوی حکام لاک ڈاؤن کے تحت پابندیوں کو جون تک بتدریج ہٹانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
امریکہ میں کرونا کی تیسری ویکسین منگل سے دستیاب ہو گی
امریکہ میں کرونا وائرس کی تیسری ویکسین منگل سے ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہو گی جب کہ حکام کیسز میں اضافے کے خدشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔
امریکی ریگیولیٹرز نے دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکسین کی ہنگامی بنیاد پر استعمال کی اجازت دی تھی۔ اس کمپنی کی لگ بھگ 40 لاکھ خوراکیں منگل سے مختلف ویکسی نیشن سینٹر پر دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
امریکہ میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیسز میں اموات کی تعداد میں نمایاں کمی کے بعد ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جا چکا ہے۔
امریکہ میں کیسز میں اضافہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب بیشتر ریاستیں پابندیوں میں نرمی کر رہی ہیں۔
امریکہ میں اب بھی کرونا سے یومیہ دو ہزار سے زیادہ اموات اور لگ بھگ 70 ہزار کیسز یومیہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔
ماہرین کرونا کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہونے پر بھی خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
امریکہ میں بیماریوں کی روک تھام اور پیشگی معلومات اکٹھی کرنے کے ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن سی ڈی سی کے ڈائریکٹر روشیل ویلنسکی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام ممکن بنائی جا سکتی ہے تاہم پابندیوں میں نرمی کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں۔
جاپان: کرونا ویکسین کی ایک ہزار سے زیادہ خوراکیں خراب
جاپان نے کرونا ویکسین کی ایک ہزار سے زیادہ خوراکیں خراب ہونے کی تصدیق کی ہے اور اس کی تحقیقات کا بھی عندیہ دیا ہے۔
جاپان کی وزارتِ صحت نے منگل کو کہا ہے کہ دوا ساز کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ ویکسین گزشتہ دنوں ریفریجریٹر خراب ہونے پر ناکارہ ہو گئی تھیں۔
فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین 60 سے 80 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھی جانی تھی۔
جاپانی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریفریجریٹر میں خرابی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں البتہ جس کمپنی نے ریفریجریٹر تیار کیا تھا اس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ جاپان میں کرونا ویکسی نیشن ناکارہ ہونے کا واقعہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اسے پانچ ماہ بعد ٹوکیو اولمپکس کی میزبانی کرنا ہے۔
جاپان میں 17 مئی سے شروع ہونے والی ویکسی نیشن مہم کے دوران اب تک 32 ہزار ڈاکٹروں اور نرسوں کو پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔
جاپانی ریگولیٹرز کی جانب سے ویکسی نیشن پروگرام کے سلسلے میں صرف فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کی ہی منظوری دی گئی ہے۔
کئی ماہ تک قابلِ استعمال رہنے والا ماحول دوست ماسک
کرونا وبا کے دوران فیس ماسک اب روز مرہ کی ضرورت ہے۔ البتہ یہ جیب پر اضافی بوجھ ہونے کے ساتھ ساتھ آلودگی بھی بڑھا رہے ہیں۔ کراچی کے کچھ نوجوانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے کئی ماہ تک قابلِ استعمال رہنے والا ماحول دوست ماسک بنایا ہے۔ مزید جانتے ہیں سدرہ ڈار اور خلیل احمد کی اس رپورٹ میں۔