امریکی والدین بچوں کی آن لائن تعلیم سے خوش کیوں نہیں؟
امریکہ میں تعلیمی اداروں کی بندش کو مارچ میں سال مکمل ہو رہا ہے۔ اب مختلف ریاستوں میں والدین اور اساتذہ اسکول دوبارہ کھولنے کا مطالبہ لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ ان والدین کے تحفظات کیا ہیں اور بائیڈن انتظامیہ نے بند تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی ہے؟ دیکھیے عمران جدون کی رپورٹ میں۔
بھارت: مرکزی حکومت کی ریاستوں کو ویکسی نیشن مہم میں تیزی کی ہدایت
بھارت کی مرکزی حکومت نے مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ جن علاقوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی جائے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں نئی دہلی بھی شامل ہے جہاں کئی ہفتوں سے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت کے مطابق نئی دہلی، ہریانہ، آندھرا پردیش، اڑیسہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور چندی گڑھ کی ریاستوں کے 60 اضلاع باعث تشویش ہیں۔
حکومت کے مطابق ’ان اضلاع میں ٹیسٹس کی تعداد میں کمی، ہفتہ وار مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ اور کرونا وائرس کیسز کی کانٹیکٹ ٹریسنگ میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان اضلاع سے ارد گرد کے اضلاع میں وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔
بھارت امریکہ کے بعد دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملک میں جنوری کے وسط میں ویکسی نیشن مہم شروع ہوئی اور اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ طبی عملے کے ارکان کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
بھارت اپنی ایک ارب 35 لاکھ آبادی میں سے 30 کروڑ افراد کو اگست تک ویکسین دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
روس میں کرونا وائرس کے 11 ہزار نئے کیس
روس میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 22 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جب کہ مقامی سطح پر تیار ویکسین بھی لگانے کا عمل جاری ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو سامنے آنے والے کیسز میں سے 1820 کیسز دارالحکومت ماسکو میں ریکارڈ ہوئے۔
حکومت کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ہفتے کو ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے 441 ہلاکتیں ہوئیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کل افراد کی تعداد 43 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 88 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب روس میں تیار کی گئی ویکسین دیگر ممالک بھی خرید رہے ہیں۔ حکام کے مطابق 45 ممالک ویکسین خریدنے کی منظوری دے چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اتوار سے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ
سعودی عرب اتوار سے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیاں ہٹا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق سنیما دوبارہ کھولنے، انٹرٹینمنٹ کی سرگرمیاں، محافل بحال اور گھروں میں دعوتوں کی اجازت دی جائے گی.
'ایس پی اے' نے وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کچھ سرگرمیوں پر ابھی بھی پابندی رہے گی جن میں شادیوں اور کمپنیوں کے بڑے اجلاس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سماجی محافل میں زیادہ سے زیادہ 20 افراد کی تعداد کی حد برقرار رہے گی۔