پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو دو روز قبل ہی کرونا وبا سے محفوظ رکھنے کی ویکسین لگائی گئی تھی۔
پاکستان میں چین کی تیار کردہ ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے جس کے دو ڈوز لگائے جانے ہیں۔ عمران خان کو جمعرات کو اس ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی تھی۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دس فی صد کے قریب
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.4 فی صد ہو چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 946 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مزید تین ہزار 876 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 29 ہزار 576 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ وبا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ دوسری جانب ملک میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے جس میں 60 سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
بائیڈن کے پہلے 100 روز، ویکسین کی 10 کروڑ خوراکوں کا ہدف وقت سے پہلے مکمل
امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے حلف برداری کے بعد پہلے سو دن میں دس کروڑ ویکسین کی خوراکیں دینے کا ہدف اپنی مطلوبہ مدت سے 42 دن پہلے پورا کر لیا ہے۔ امریکہ میں روزانہ ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں لگائی جا رہی ہیں۔
صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اگلے سو روز کے لیے ویکسین کا نیا ہدف آئندہ ہفتے دیں گے، اور خیال ہے کہ وہ یہ ہدف بڑھا کر 200 ملین خوراکوں تک لے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے امریکی شہر اٹلانٹا کے دورے پر جاتے ہوئے رپورٹرز سے کہا کہ ’’ہم شاید اسے دوگنا کرنے کے قابل ہوجائیں۔‘‘
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ان کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب امریکہ کے پاس تین مختلف کمپنیوں کی منظور شدہ ویکسین کی اتنی مقدار ہے کہ پوری امریکی آبادی کو اگلے دس ہفتے میں ویکسین دی جا سکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت ایسی پوزیشن پر ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کینیڈا اور میکسیکو کو ویکسین کی لاکھوں خوراکیں پہنچا سکتا ہے۔
جمعرات کے روز بائیڈن انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ ایک منصوبے کے تحت کینیڈا اور میکسیکو کو محدود مقدار میں ویکسین کی خوراکیں قرض کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔