کرونا ویکسین بچوں کے لیے بھی مؤثر ہے: فائزر
فائزر نے اعلان کیا ہے کہ اس کی تیار کی گئی کرونا ویکسین 12 سال کے بچوں کے لیے بھی مؤثر اور محفوظ ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق فائزر کے اس اعلان کے بعد ممکنہ طور پر بچوں کو بھی ویکسین لگانے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔
دنیا بھر میں جو بھی کرونا ویکسین تیار کی گئی ہے یہ صرف بالغ افراد کو لگائی جا رہی ہیں۔ کیوں کہ بالغ افراد کے وبا سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق فائزر کی ویکسین 16 سال یا اس سے زائد عمر کو لگائی جا سکتی ہے۔ البتہ ہر عمر کے افراد کو ویکسین لگانا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم ہے۔ جب کہ کم عمر افراد کو ویکسین لگانے سے تعلیمی سرگرمیوں کی مکمل بحال بھی ممکن ہے۔
امریکہ میں ہونے والے ایک مطالعے کے مطابق 12 سے 15 برس کی عمر کے 2260 رضا کاروں کو ویکسین دی گئی۔ اعداد و شمار سے واضح ہوا جن کو ویکسین کی مکمل ڈوز دی گئی وہ وائرس سے محفوظ رہے۔
پاکستان میں جون 2020 کے بعد ریکارڈ کیسز
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4974 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیسز کی یہ تعداد جون 2020 کے بعد سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے شکار 98 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 14 ہزار 530 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک چھ لاکھ 72 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور شفا یاب مریضوں کی تعداد چھ لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں اب بھی تین ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 50 ہزار 55 افراد کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔
آسٹریلیا: ایسٹر سے قبل برسبین میں لاک ڈاؤن ختم
آسٹریلیا کے تیسرے بڑے شہر برسبین میں حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کے روز برسبین میں کرونا وائرس کا صرف ایک کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پابندیوں کو کم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب چار اپریل کو ایسٹر تہوار کی تعطیلات بھی قریب ہیں۔
حکام کی جانب سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم اجتماعات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ برسبین میں پیر کو تین روزہ لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس میں اسکولز، ریستوران اور بارز کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
امریکہ کی نامزد سابق نائب صدر سارہ پالن کا کرونا ٹیسٹ مثبت
امریکہ کی نامزد سابق ری پبلکن نائب صدر اور ریاست الاسکا کی سابق گورنر سارہ پالن کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
سارہ پالن نے بتایا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کو ماسک پہننے پر بھی زور دیا ہے۔
تاہم یہ بات واضح نہیں ہے کہ 57 سالہ سارہ پالن کا کرونا ٹیسٹ کب مثبت آیا ہے۔
انہوں نے 'پیپلز' میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کے دیگر افراد کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔