قیمت پر تنازع کے باوجود پاکستان میں نجی شعبے نے ویکسی نیشن شروع کر دی
پاکستان میں نجی شعبے کی جانب سے بھی کمرشل بنیادوں پر لوگوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بعد ملک کے بڑے شہروں میں ان ویکسی نیشن مراکز میں عوام بالخصوص نوجوانوں کا رش دیکھا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پاکستان میں بعض نجی کمپنیوں نے روس کی تیار کردہ 'اسپوتنک فائیو' کی ہزاروں خوراکیں درآمد کی ہیں جس کے بعد کراچی اور لاہور میں انہیں کمرشل بنیادوں پر شہریوں کو لگایا جا رہا ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کمرشل بنیادوں پر ویکسی نیشن کا آغاز کیا گیا ہے جس کے بعد سیکڑوں نوجوان ویکسین لگوانے پہنچ گئے۔
سرکاری سطح پر طبی عملے اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو مفت ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم حکومت نے گزشتہ ماہ نجی شعبے کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔
بھارت میں مزید 96 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت برقرار رہے اور کیسز میں ایک ہفتے کے دوران تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 96 ہزار 982 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار 446 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں عالمی وبا سے ایک کروڑ 25 لاکھ سے زیادہ کیسز اور ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پابندیوں میں سختی کی جا رہی ہے جب کہ حکام مسلسل شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت کر رہے ہیں۔
دس لاکھ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگا دی: اسد عمر
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زیادہ شہریوں کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ پیر کو 76 ہزار سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی ہے اور اب تک 20 لاکھ سے زیادہ شہری خود کو ویکسین لگانے کے لیے رجسٹرڈ کرا چکے ہیں۔
اسد عمر کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے افراد خود کو ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔ ان کے بقول چھ لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز اور 50 سال سے زائد عمر کے 14 لاکھ سے زیادہ شہری پہلے ہی خود کو رجسٹرڈ کرا چکے ہیں۔
پاکستان: مزید تین ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3953 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جب کہ وبا کے شکار 103 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران 46 ہزار 665 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 63 ہزار 102 ہے۔