برازیل: پہلی مرتبہ یومیہ چار ہزار اموات
برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار چار ہزار 195 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ اموات کی یہ تعداد برازیل میں یومیہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
برازیل کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا سے لگ بھگ تین لاکھ 37 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل دنیا کا دوسرا متاثرہ ترین ملک ہے۔ عالمی وبا سے امریکہ میں اب تک پانچ لاکھ 55 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
برازیل میں کرونا وبا کی روک تھام کے لیے صحت کے ماہرین لاک ڈاؤن کی تجویز دے رہے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد سات لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار ہزار چار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا کے شکار مزید 102 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 15 ہزار 26 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں اب بھی تین ہزار 769 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
عالمی وبا کے شکار چھ لاکھ 20 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 64 ہزار سے زیادہ ہے۔
بختاور بھٹو زرداری کا کرونا ٹیسٹ مثبت
بھارت: ریاست گجرات میں سخت پابندیاں نافذ
بھارت میں بدھ کو ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں میں پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔
گجرات کے وزیرِ اعلیٰ وجے روپانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ریاست میں سیاسی و سماجی اجتماعات پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست میں کرفیو کا دورانیہ بھی رات آٹھ بجے سے صبح چھ بجے تک رہے گا اور یہ 30 اپریل تک نافذ رہے گا۔
ریاست گجرات میں پابندیوں کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا میں رات کا کرفیو نافذ ہے جب کہ ویک اینڈ پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران عوام احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے اور وہ مذہبی و سیاسی اجتماعات میں شریک ہو رہے ہیں