بھارت: ریاست کرناٹکا کے چھ شہروں میں کرفیو کا اعلان
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد ریاست کرناٹکا کے چھ شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ریاست کے وزیرِ اعلیٰ بی ایس یادیورپا کے مطابق بنگلورو، بدار، مسورو، منگالورو، کالابراگی اور مانیپل میں ہفتے سے کرفیو نافذ ہو گا جس کا دورانیہ رات دس بجے سے صبح پانچ بجے تک رہے گا۔
حکام کے مطابق مذکورہ شہروں میں کرفیو کا نفاذ 20 اپریل تک رہے گا تاہم اس دوران ضروری خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔
کرناٹکا بھارت کی ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا، چھتیس گرھ، اترپردیس، دہلی، مدھیا پردیش، تامل ناڈو، گجرات، کیرالہ اور پنجاب میں وبا کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سیالکوٹ کے 14 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
حکومتِ پنجاب نے سیالکوٹ کے 14 علاقوں میں کرونا کیسز سامنے آںے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پابندیوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں مظفرپور، گوہادپور، کینٹ یو سی 19، ماڈل ٹاؤن، شباب پورا، جوڑیاں کلاں، بھرت، کوٹلی لوہاراں، یوگوکی، واٹر ورکس، خروٹا سیداں، احمد پورا، فتح گڑھ اور کوٹلی بہرام شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں کے داخلی و خارجی راستے فوری طور پر بند کر دیے جائیں گے جس کا نفاذ 12 اپریل تک رہے گا۔
فرانس میں دو الگ الگ ویکسین کی خوراکیں دینے کا اعلان
فرانس نے اعلان کیا ہے کہ 55 سال سے کم عمر والے افراد جنہیں ‘ایسٹرا زینیکا’ کی پہلی خوراک لگائی گئی تھی، انہیں ویکسین کی دوسری خوراک ‘فائزر بائیو این ٹیک’ یا ‘موڈرنا’ کی تیار کردہ ویکسین کی لگائی جائے گی۔
وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق 55 سال سے کم عمر والے افراد جنہوں نے ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک لگوائی تھی ان میں سے بہت کم تعداد میں بلڈ کلوٹس (خون کے لوتھڑے) آنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
فرانس میں ابتدائی طور پر طبی اہلکاروں کو کرونا ویکسین لگائی گئی تھی اور اس فیصلے سے لگ بھگ پانچ لاکھ 33 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔
خیال رہے کہ فرانس میں ویکسین لگائے جانے کے عمل میں سست روی کے بعد تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
بھارت میں پانچ ماہ بعد ریکارڈ یومیہ اموات
بھارت میں ہفتے کو کرونا وبا کے سبب پانچ ماہ بعد ریکارڈ یومیہ 794 اموات رپورٹ کی گئیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 45 ہزار افراد میں وبا کی تشخیص کی گئی جس کے بعد بھارت میں اس مہلک وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا میں کیسز میں اضافے کے سبب ہفتے اور اتوار پر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے کیسز میں اضافے کی وجہ لوگوں کا احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا قرار دی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی اکثر ریاستوں کی طرف سے کرونا ویکسین کی کمی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔