پنجاب کی وزیرِ صحت کی احتجاج میں ایمبولینسز کو راستہ دینے کی ایپل
پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپیل کی ہے کہ احتجاج کے دوران ایمبولینسز کو مریضوں کو لے جانے اور اسپتال جانے والوں کو راستہ دیا جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق بعض ایمبولینسز میں آکسیجن سیلنڈرز ہوتے ہیں جو کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما کی گرفتاری کے بعد دھرنے دیے گئے تھے جس میں اہم شاہراہیں بند کر دی گئی تھیں۔
اسکول جانا ہے، کھیلنا کودنا ہے: کرونا بحران سے بچے بھی تنگ
کرونا وائرس کے اس دور میں ہر شخص کو مختلف مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ بچوں کے روز مرہ معمولات بھی وبا سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اسکولوں سے دور اور گھروں تک محدود بچے عالمی وبا کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ جانیے اسلام آباد سے گیتی آرا انیس کی رپورٹ میں۔
پاکستان میں اپریل میں 56 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے
پاکستان میں کرونا وائرس کے زیرِ علاج افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ماہ 56 ہزار 989 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جب کہ 76 ہزار افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے چار ہزار 198 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں وبا سے مزید 118 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 619 ہو گئی ہے۔
یورپ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
یورپی ممالک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یورپ کے 50 سے زائد ممالک اور خطوں میں وبا کے باعث پیر کو اموات کی تعداد 10 لاکھ 288 تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ وبا سے دنیا بھر میں لگ بھگ 30 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ سب سے زیادہ پانچ لاکھ 62 ہزار 533 اموات امریکہ میں ہوئی ہیں۔