کیا کرونا وائرس تولیدی نظام کو نقصان پہنچا سکتا ہے؟
ماہرینِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے انسان کے سونگھنے کی صلاحیت سے لے کر اس کا دل، پھیپھڑے اور کئی دیگر اعضا متاثر ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کی ری پروڈکٹِو سرجن ڈاکٹر ساجدہ شاہنواز کی تحقیق کے مطابق کرونا وائرس مردوں کے باپ بننے کی صلاحیت بھی متاثر کر سکتا ہے۔ لاہور سے ثمن خان کی رپورٹ۔
نریندر مودی کی کمبھ میلہ علامتی طور پر منانے کی اپیل
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وبا کے سبب مذہبی تہوار کمبھ میلے کو علامتی طور پر منائیں۔
بھارت میں ہفتے کو مسلسل تیسرے روز کرونا کے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمۂ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید دو لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 45 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
بھارت میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد وبا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ دریائے گنگا کے کنارے لاکھوں عقیدت مند کمبھ میلے کے موقع پر کئی دنوں کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔
بھارتی حکومت پر وبا کے باوجود مذہبی تہواروں اور الیکشن ریلیوں کے انعقاد پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
پاکستان میں 50 سال کی عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتِ حال کی نگرانی کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ہفتے کو ہونے والی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ 50 سال سے 59 سال کے افراد کو کرونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز رواں ماہ 21 اپریل سے کیا جائے گا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ لوگوں کو کرونا ویکسین لگوانی چاہیے۔
بھارت: نئی دہلی کے قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے لگی
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کے لیے مختص قبرستان میں جگہ کم پڑنے لگی ہے۔
شہر کے مضافات میں قائم جدید قبرستان میں جگہ کم پڑ جانے کے سبب قبریں باہری دیوار تک پہنچ چکی ہیں اور مزید قبروں کے لیے بہت کم جگہ بچی ہے۔
قبرستان کے منتظم محمد شمیم کا کہنا ہے کہ تدفین کے لیے آنے والی لاشوں کو جگہ اور عملے کی کمی کے سبب واپس بھیجنے پر مجبور ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز تدفین کے لیے 19 لاشیں آئیں تاہم وہ صرف 15 لاشوں کی تدفین کر سکے۔
خیال رہے کہ بھارت میں مسلسل تیسرے روز یومیہ دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دارالحکومت نئی دہلی، رپورٹ ہونے والے کیسز میں ممبئی سے آگے نکل گیا ہے۔