کرونا کی برطانوی قسم کراچی پہنچ گئی
وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی برطانوی قسم کراچی پہنچ گئی ہے اور اب تک جو ٹیسٹ ہوئے ہیں ان میں 50 فی صد کیسز میں یہ قسم پائی گئی ہے۔
پاکستان میں پانچ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 857 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار مزید 98 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 57 ہزار 591 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح دس اعشاریہ ایک چھ فی صد رہی۔
پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک 16 ہزار 698 افراد ہلاک اور سات لاکھ 78 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
امریکی صدر بیرونِ ملک ویکسین کی ترسیل کے لیے پرعزم
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کرونا وائرس کی ویکسین بیرونِ ملک فراہم کرنے سے متعلق کام کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ "ہم دیگر ممالک کو ویکسین فراہم کرنے کے عمل میں ہیں جب کہ اس حوالے سے تھوڑا بہت کام مکمل کر لیا ہے۔"
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ ایسی ویکسین ہیں جو ہم استعمال نہیں کر رہے لیکن انہیں دیگر ممالک کو ترسیل سے قبل ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ویکسین محفوظ ہے یا نہیں۔
کرونا کا نیا عالمی ریکارڈ، بھارت میں تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین لاکھ 14 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ تعداد نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر یومیہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
بھارت کو عالمی وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے جس کے دوران کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2104 مریض ہلاک ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں مسلسل آٹھویں روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 59 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت سے قبل امریکہ میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رواں برس جنوری میں رپورٹ ہوئے تھے۔ کیسز کی یہ تعداد دو لاکھ 97 ہزار 430 تھِی۔