بھارت میں کرونا قابو سے باہر، دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن
بھارت میں کرونا وائرس کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دارالحکومت نئی دہلی میں لاک ڈاؤن کے دورانیے میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجری وال نے اتوار کو لاک ڈاؤن کے دورانیے میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں کیسز مثبت آنے کی شرح بدستور زیادہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہلی میں کیسز مثبت آنے کی شرح 36 سے 37 فی صد ہے اور ایسا وبا کے دوران کبھی نہیں ہوا۔
کیجری وال کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر ہم آکسیجن کی سپلائی دینے میں ناکام رہے لیکن بہت سی جگہوں پر ہم بروقت آکسیجن پہنچانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان میں کرونا سے اموات کی تعداد 17 ہزار سے زائد
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 118 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 17 ہزار 117 ہو گئی ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 5611 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز سات لاکھ 95 ہزار 627 ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے اسپتالوں میں 4826 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیرِ علاج ہیں جب کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10 فی صد سے زائد ہے۔
خیبرپختونخوا میں کرونا سے ایک اور ڈاکٹر کی ہلاکت، مجموعی تعداد 64 ہو گئی
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
پشاور کے نصیر ٹیچنگ اسپتال کے شعبہ نفسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی چند دنوں سے کرونا کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
پرونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ رات ڈاکٹر محمد علی کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وبا کے باعث طبی عملے سے وابستہ کئی افراد بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت نے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز کے لیے ویکسی نیشن مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔
پنجاب کے 25 اضلاع میں اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیرِ تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے 25 اضلاع کے اسکول غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ان اضلاع میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز بھی نہیں ہو سکیں گی۔
خیال رہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کے لیے اسکول پہلے سے ہی بند ہیں۔
جن اضلاع میں پیر 26 اپریل سے بڑی کلاسز کے لیے بھی اسکول بند رہیں گے ان میں لاہور، قصور، راولپنڈی، ملتان، پاکپتن، فیصل آباد، چکوال، حافظ آباد، جھنگ، بھکر، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، خانیوال اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔