بھارت میں کرونا کے ریکارڈ کیسز، تین ہزار سے زائد اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے تین لاکھ 79 ہزار 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے مزید تین ہزار 645 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں مسلسل آٹھویں روز کرونا کے تین لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں مزید 151 ہلاکتیں، پانچ ہزار 480 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان: تین مئی سے 40 سے 49 برس کے درمیان افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو گا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں 40 سے 49 برس کے درمیان افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز تین مئی سے کیا جائے گا۔
ان کے بقول ملک میں لگاتار دوسرے روز بھی کرونا کی ایک لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی ہیں اور ویکسین کے لیے رجسٹریشن کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے۔
امریکہ کا اپنے شہریوں کو بھارت سے واپس آنے کا مشورہ
امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے لیول فور سفری ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے تحت امریکی شہریوں کو بھارت سفر نہ کرنے اور جتنی جلدی ہو سکے بھارت سے واپس آنے کا مشورہ دیا ہے۔
کرونا کی موجودہ صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امریکہ نے اپنے شہریوں کو بھارت سے واپسی آنے کے لیے کمرشل پروازیں استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکہ کے محکمۂ ٹریول اسٹیٹ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں اور فرانس کے دارالحکومت پیرس اور جرمنی کے شہر فرینک فرٹ کی پرواز کے ذریعے واپس آ سکتے ہیں۔