بھارت میں مزید تین لاکھ 92 ہزار سے زائد کیس
بھارت میں کرونا بحران کی تباہ کاریاں بدستور جاری ہے جب کہ اسپتالوں میں گنجائش کی کمی کے علاوہ شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں بھی جگہ کم پڑ رہی ہے۔
دنیا میں کرونا وبا کا ہاٹ اسپاٹ سمجھے جانے والے بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین لاکھ 92 ہزار سے زائد کیسز اور تین ہزار چھ سو 89 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق ملک میں گزشتہ 10 روز سے مسلسل تین لاکھ سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اتوار کو رپورٹ ہونے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 95 لاکھ 60 ہزار ہو گئی ہے۔
وائرس سے اب تک دو لاکھ 15 ہزار 542 لوگ ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگ بھگ 10 ریاستوں اور وفاقی اکائیوں نے پابندیاں لگا دی ہیں اور مشرقی ریاست اڑیسہ میں بھی دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
پاکستان میں کرونا سے اموات 18 ہزار سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت جاری ہے اور ملک میں مزید چار ہزار 414 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 275 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح 9.74 فی صد رہی۔
ملک میں اتوار کو کرونا وائرس سے 113 ہلاکتیں بھی ہوئی۔ اس طرح مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 70 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے فعال کیسز 89 ہزار 661 ہیں جب کہ پانچ ہزار چار سو اڑتالیس مریض کی نگہداشت میں ہیں۔
چین میں کرونا ویکسین کی 27 کروڑ سے زائد خوراکیں لگا دی گئیں
چین کے قومی صحت کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں کووڈ-19 ویکسین کی 27 کروڑ سے زائد خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق قومی صحت کمیشن کا اتوار کو کہنا تھا کہ ہفتے تک ملک بھر میں کرونا سے بچاؤ کے لیے 27 کروڑ 4 لاکھ 10 ہزار ویکیسن کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
چین میں کرونا ویکسی نیشن میں تیزی کی گئی ہے تاہم اتنی بڑی تعداد میں آبادی کے سبب یہ اب بھی آبادی کے ہر 100 افراد کے تناسب کے حساب سے امریکہ سے پیچھے ہے۔
چین میں کرونا وبا کا زور ٹوٹ چکا ہے اور معمول کی سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔
پاکستان کو جون تک ویکسین کی ایک کروڑ نوے لاکھ خوراکیں مل جائیں گی: ڈاکٹر فیصل سلطان
وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جون تک کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک کروڑ نوے لاکھ خوراکیں موصول ہو جائیں گی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کر چکا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چین کی تیارکردہ سنگل ڈوز 'کین سائنو' ویکسین بھی جلد لگانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے تحت 'کین سائنو' ویکسین کی ماہانہ 30 لاکھ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہر روز ڈیڑھ لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جب کہ یومیہ ویکسی نیشن کی تعداد تین لاکھ تک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔