وراٹ اور انوشکا کا کرونا متاثرین کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم کا آغاز
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما نے بھارت میں کرونا متاثرین کی امداد کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس ضمن میں وراٹ کوہلی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں کوہلی کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے سبب بھارت مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور ہمارے صحت کے نظام کو بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں اکھٹا ہو کر اپنے ملک کی مدد کی ضرورت ہے اس لیے لوگ آگے بڑھیں اور عطیات دیں۔
پاکستان: کیا لوگوں میں کرونا وائرس کا خوف ختم ہو گیا ہے؟
پاکستان میں کام کرنے والے ایک فلاحی ادارے 'ایدھی فاؤنڈیشن' کے عہدے دار بتا رہے ہیں کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر کے دوران ان کا کام پھر اسی طرح بڑھ گیا ہے جیسا پہلی لہر کے دوران تھا۔ لیکن اس بار لوگ وبا سے خوف زدہ نہیں۔ طبی امداد دینے والے اس صورتِ حال سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟ دیکھیے ثمن خان کی رپورٹ۔
پاکستان میں مزید 120 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 120 اموات ہوئی ہیں جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح لگ بھگ نو فی صد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے ملک بھر میں 48 ہزار 103 ٹیسٹ کیے گئے جن میں چار ہزار 109 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.54 فی صد رہی۔
دوسری جانب وبا سے مزید 120 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 797 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں وبا سے مجموعی طور پر آٹھ لاکھ 54 ہزار 240 افراد متاثر ہوئے جن میں سے سات لاکھ 52 ہزار 712 صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 82 ہزار 731 اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
بھارت میں کرونا بحران: بائیڈن کے لیے سفارتی مگر کاملہ ہیرس کے لیے ذاتی چیلنج
بھارت میں کرونا کا بحران، جہاں،بائیڈن انتظامیہ کے لیے سفارتی اور انسانی بنیادوں پر ایک چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، نائب صدر کاملا ہیرس کے لیے، جن کی والدہ بھارت میں پیدا ہوئی تھیں، یہ ایک ذاتی چیلنج بھی ہے۔ کاملا ہیرس اپنے پورے سیاسی کیرئر میں بچپن میں کئی بار بھارت جانے کے تجربے کے خود پر اثر سے متعلق جذباتی انداز میں گفتگو کرتی رہی ہیں۔
امریکہ کی نائب صدر جمعے کو محکمہ خارجہ میں گفتگو کر رہی ہیں، جس میں وہ بھارت میں کووڈ نائنٹین سے لڑنے کی کوششوں پر بات کررہی ہیں اور ان مشکل دنوں میں بھارت کے ساتھ امریکہ کی یکجہتی کا اظہار کر رہی ہیں۔
سال 2018 میں بھارت کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’پراتھم‘ کے لیے عطیہ جمع کرنے کی ایک تقریب میں کاملہ ہیرس شریک تھیں اور اس میں خطاب کے دوران انہوں نے اپنے نانا پی وی گوپلان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ وہ اپنے نانا کو اپنے دوستوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سنتی رہیں جس میں انہوں نے ایک آزاد اور مساوات پر مبنی جمہوریت کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
کاملا ماضی میں کہہ چکی ہیں کہ آج وہ جو کچھ ہیں، اس میں اپنے نانا کے ساتھ بسنت نگر کے ایک ساحل سمندر پر ٹہلنے کے دوران ہونے والی گفتگو کا گہرا اثر ہے۔