پاکستان میں کرونا کے مزید 2379 کیس رپورٹ
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت کچھ حد تک کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور ملک میں یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد بھی بتدریج کم ہو رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اتوار کو 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 402 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے دو ہزار 379 کے نتائج مثبت آئے۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 7.82 فی صد رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 76 افراد کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔
پاکستان میں اب تک آٹھ لاکھ 77 ہزار 130 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 19 ہزار 543 ہے۔
بھارت میں کرونا سے مزید چار ہزار ہلاکتیں
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار ہزار سے زائد افراد کرونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اتوار کو مسلسل تیسرے روز کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی رپورٹ کی گئی۔ ملک میں مزید تین لاکھ 11 ہزار 170 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
بھارت میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو کروڑ 46 لاکھ 84 ہزار 77 ہے جب کہ اب تک دو لاکھ 70 ہزار 284 اموات ہوئی ہیں۔
حکام نے ہفتے کو کہا کہ رواں ہفتے کرونا کیسز کی مثبت شرح کم ہو کر 19.8 فی صد رہی جو گزشتہ ہفتے 21.9 فی صد تھی۔
پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بحال
پاکستان میں آٹھ مئی سے نافذ لاک ڈاؤن کی مدت 16 مئی کو ختم ہو گئی ہے جس کے بعد پیر سے کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔
ملک میں ایک ہفتے سے زائد نافذ لاک ڈاؤن ختم کرنے سے متعلق حکومت کی جانب سے باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) کی ہدایت کے مطابق لاک ڈاؤن آٹھ سے 16 مئی تک نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیبرپختونخوا: سیاحتی سرگرمیوں پر تا حکم ثانی پابندی برقرار
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) کے مطابق سیاحتی سرگرمیوں پر تا حکم ثانی پابندی برقرار رہے گی۔
این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات گلیات، سوات، کمراٹ، چترال، ناران وکاغان میں تمام ہوٹل و ریستوان بدستور بند رہیں گے۔
ترجمان محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں سیاحت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔