برطانیہ: سیکریٹری صحت ساجد جاوید میں کرونا وائرس کی تشخیص
برطانیہ کے سیکریٹری صحت ساجد جاوید میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں معمولی علامات ہیں۔
ان کے بقول انہیں کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی تھیں۔
ساجد جاوید نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ پی سی آر ٹیسٹ سے بھی ان کے کرونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے وہ آئیسولیٹ رہیں گے اور گھر سے کام جاری رکھیں گے۔
بھارت میں 41 ہزار سے زائد نئے کیسز
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید 41 ہزار 157 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 518 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ دو لاکھ 69 ہزار 796 ہے۔
عالمی وبا سے اب تک بھارت میں چار لاکھ 13 ہزار 609 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس ولیج میں دو ایتھلیٹس میں کرونا کیسز کی تصدیق
جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز سے قبل دو ایتھلیٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اتوار کو کہا ہے کہ ایتھلیٹس کے ولیج میں دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ہارومی واٹر فرنٹ ڈسٹرکٹ میں اولمپکس ولیج میں رکنے والے دو کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے اور وہ ایک ہی کھیل میں حصہ لے رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اولمپکس سے منسلک افراد میں سے 10 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں ایک تیسرا کھلاڑی بھی شامل ہے جو ولیج میں نہیں ٹھیرا ہوا تھا۔
بھارت: تین ماہ بعد کم ترین اموات رپورٹ
بھارت میں تین ماہ بعد کرونا سے کم ترین اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت کے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 499 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 38 ہزار 164 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 660 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 11 لاکھ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر اور چار لاکھ 14 ہزار 108 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔