بینکاک سے ملائیشیا تک ایشیائی ممالک وبا کی شدید لہر کی لپیٹ میں کیوں؟
ایشیا کے کئی ممالک اس وقت عالمی وبا کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں اور ویکسین لگانے کی مہم ناکافی ہونے کے باعث گذشتہ سال کے مقابلے میں ایشیائی ملکوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔
مبصرین کہتے ہیں کہ متاثرہ ممالک کی حکومتوں کا کرونا وائرس سے بچاو کے لئے بڑے پیمانے پر لاک ڈاون کی بندشوں اور سرحدوں پر نقل و حرکت کے اقدامات سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت سے پھیلنے والا ڈیلٹا وائرس، ایئر لائنز کے عملے کا وائرس سے متاثر ہونا اور ان ملکوں کے شہریوں کا بیرونِ ملک سفر کے بعد وائرس کا ملک میں لانا کووڈ نائنٹین کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
گذشتہ کئی ماہ کے دوران کرونا کے کیسز میں کمی کے پس منظر میں کئی ایشیائی ممالک نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے عائد پابندیوں کو نرم کردیا تھا اور اندرون ملک سفر میں تیزی دکھائی دے رہی تھی۔
سندھ میں پیر سے کرونا پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان
سندھ میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب ایک مرتبہ پھر پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت جمعے کو صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے، ریستوران اور شادی ہال سمیت درگاہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح چھ سے شام چھ بجے تک کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئی پابندیوں کے مطابق صوبے میں جمعے اور اتوار سیف ڈیز ہوں گے جب کہ پیر سے ریستوران کی انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ دونوں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں صوبے میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فی صد اسٹاف حاضر ہو گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ تین فی صد ہو گئی ہے۔
سندھ حکومت کا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سِم بلاک کرنے کا مطالبہ
سندھ حکومت نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سِم بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکومتِ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے جمعے کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ادارے این سی او سی اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی سے سفارش کریں گے کہ ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی سم بلاک کر دی جائے۔
پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 215 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 425 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 11 افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 939 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 543 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔