پاکستان میں مزید پانچ لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن
پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔
ملک میں کرونا کے نگران ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق 24 جولائی کو ملک میں پانچ لاکھ 17 ہزار 255 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اب تک دو کروڑ 54 لاکھ 32 ہزار 173 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
بھارت میں کرونا کے 39 ہزار سے زائد نئے مریض
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 742 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا سے متاثرہ 535 مریض انتقال بھی کرگئے ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 20 ہزار 551 ہو چکی ہے۔ وائرس سے اب تک مجموعی طور پر تین کروڑ پانچ لاکھ 43 ہزار 138 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان: کرونا سے مزید 45 مریضوں کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید دو ہزار 819 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار 579 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ تین دو فی صد ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 45 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔ جس سے اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 16 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک 10 لاکھ چار ہزار 694 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نو لاکھ 25 ہزار 958 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملائیشیا میں کرونا متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
ملائیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک کی وزارتِ صحت کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس کے ریکارڈ 17 ہزار 45 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 13 ہزار 438 ہو چکی ہے۔