ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والے میسج کا انتظار نہ کریں: فیصل سلطان
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے والے افراد دوسری خوراک کے لیے میسج کا انتظار نہ کریں۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سائنو فام لگوانے والے افراد تین ہفتوں بعد دوسری خوراک لگوا سکتے ہیں جب کہ سائنو ویک اور ایسٹرازینیکا لگوانے والے چار ہفتے بعد میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین لگوا لیں۔
کینیڈا نے ویکسین لگوانے والے امریکی شہریوں کے لیے سرحد کھول دی
کینیڈا نے ان امریکی شہریوں کے لیے اپنی سرحد دوبارہ کھول دی ہیں جو کرونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔
امریکی شہری پیر سے کینیڈا کا سفر کر سکیں گے لیکن اس سے قبل انہیں نہ صرف ویکسین کا مکمل کورس کرنا ہو گا بلکہ سفر سے تین روز قبل کرونا کے منفی ٹیسٹ کی رپورٹ بھی دینا ہو گی۔
کینیڈا آنے والے امریکی شہریوں کو آمد سے قبل آرائیو کین ایپلی کیشن پر ایک فارم بھی پر کرنا ہو گا۔
کینیڈا بارڈر سروس ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ امریکہ سے کتنے افراد کی کینیڈا آمد متوقع ہے البتہ ادارے کی ترجمان ریبیکا پردے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کے تحفظ اور صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر بعض غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں: این سی او سی
پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے نگراں ادارے این سی او سی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ویکسین سے متعلق بعض غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس لیے ویکسین سے متعلق معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ کا وزٹ کریں۔
فرانس: کووڈ-19 ہیلتھ پاس کا نفاذ
فرانسیسی حکومت نے شدید عوامی احتجاج کے باوجود کرونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کووڈ -19 ہیلتھ پاس کا نفاذ کر دیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے بعد فرانسیسی شہریوں کو اپنی روزہ مرہ کی زندگی جیسا کہ اندرونِ شہر سفر یا کسی کافی شاپ میں داخلے کے لیے ہیلتھ پاس دکھانا ہوگا۔
ہیلتھ پاس ان شہریوں کے لیے جاری کیا جائے گا جو کرونا ویکسی نیشن کورس مکمل کر چکے ہیں یا ان کا حال ہی میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو گا۔ کرونا وبا سے صحت یاب ہونے والے شہریوں کو بھی بذریعہ کیو آر کوڈ ہیلتھ پاس جاری ہوگا۔
فرانسیسی وزیرِ صحت الیور ویرن کا کہنا ہے کہ ہیلتھ پاس اور ویکسی نیشن مہم کے بعد ہمیں کرفیو یا کوئی نیا لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔