پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 67 افراد کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سات فی صد سے کم ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 54 ہزار 204 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں تین ہزار 711 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ آٹھ فی صد رہی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 67 کرونا مریض انتقال بھی کر گئے جس کے بعد مجموعی اموات 24 ہزار 406 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وبا سے اب تک 10 لاکھ 98 ہزار 410 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
بھارت: کرونا مثبت کیسز کی شرح دو فی صد سے کم
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 36 ہزار 83 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ آٹھ آٹھ فی صد رہی۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 493 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات چار لاکھ 31 ہزار 225 تک پہنچ چکی ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ 21 لاکھ 92 ہزار 576 ہے جس میں سے تین کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 15 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آسٹریلیا: نیو ساؤتھ ویلز میں اسنیپ لاک ڈاؤن
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ہفتے سے سات روز کے لیے اسنیپ لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ریاست میں اس لاک ڈاؤن کا آغاز ہفتے کی شام سے ہوا ہے۔ جس میں کم از کم ایک ہفتے تک اسکولز بند رکھے جائیں گے۔
ریاست کی پریمیئر گلیڈیس بیریجیکلیان کا کہنا تھا کہ 'یہ حقیقتاً ایک جنگ ہے۔' ان کے بقول، ڈیلٹا ویریئنٹ بے رحمانہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز سنگین صورتِ حال کا سامنا کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کو ریاست میں وبا کا بدترین دن رہا جب ایک روز میں 466 نئے کیسز اور چار ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
امریکہ: اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ
امریکہ میں کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور بچے بھی اس وبا سے متاثر ہو رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے جنوب میں اسپتالوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور ہفتے کو ملک میں اسپتال میں داخل ہونے والے کرونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 1900 سے زائد ہوگئی ہے۔
امریکہ میں ان آبادیوں میں کرونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے۔
امریکہ محکمۂ صحت اور انسانی خدمات کے اعداد و شمار کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والے علاقوں میں حالیہ ہفتوں میں اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ بچوں کے داخلے میں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتے کو یہ تعداد 1902 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں 12 سال سے کم عمر کے بچے ویکسی نیشن کے اہل نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ نئے اور تیزی سے پھیلنے والے ویرئنٹ سے متاثر ہورہے ہیں۔
امریکہ میں امراض کے پھیلاؤ کو قابو پانے اور اسے روکنے کے ادارے (سی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق اسپتالوں میں داخل ہونے والے نئے کووڈ 19 مریضوں کی عمریں 18 سے 29، 30 سے 39 اور 40 سے 49 سال کے درمیان ہیں۔