زمبابوے: ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کو مستعفی ہونے کی تجویز
زمبابوے میں حکومت نے تجویز دی ہے کہ وہ سرکاری ملازمین جو ویکسین نہیں لگوانا چاہتے سرکاری ملازمت چھوڑ دیں۔
حکومت نے ان احکامات کی وجہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
زمبابوے کے وزیرِ انصاف کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگسر سرکاری ملازمین جانتے ہیں کہ وہ حکومت کے لیے کام کر رہے ہیں تو اب حکومت ان سے کہہ رہی ہے کہ ویکسی نیشن کرا لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کسی کو مجبور نہیں کر رہا کہ وہ ویکسین کرائے۔ اپنے حقوق کو گلیوں اور اپنے گھر میں ضرور استعمال کیا جا سکتا ہے۔ البتہ اگر کوئی سرکاری ملازم ہے تو اس کے لیے لازم ہے کہ دوسرے لوگوں کے تحفظ کے لیے ویکسین کرائے۔
ان کے بقول جو سرکاری ملازمین ویکسی نیشن نہیں کرانا چاہتے اور اپنا آئینی حق استعمال کرنے چاہتے ہیں تو وہ استعفیٰ دے سکتے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 84 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 4062 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مہلک وائرس کے باعث 84 افراد انتقال کر گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا سے اموات 26 ہزار 497 ہو گئی ہیں جب کہ مجموعی مصدقہ کیسز 11 لاکھ 94 ہزار 198 ہو گئے ہیں۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 6.43 فی صد ہے۔
پاکستان میں 5393 مریض اب بھی انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کی امیر ممالک سے بوسٹر شاٹس لگانے کا فیصلہ مؤخر کرنے کی اپیل
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے امیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام تک کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا عمل روک دیں تاکہ غریب ممالک تک بھی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکی۔
عالمی اداراہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبریاسس کا کہنا تھا کہ کم قوتِ مدافعت والی آبادی میں بوسٹر ڈوز دی جا سکتی ہے، لیکن صحت مند افراد کو فی الحال یہ لگانے کے بجائے غریب ممالک تک ویکسین کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ڈبلیو ایچ او نے امیر ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ ستمبر تک بوسٹر شاٹس نہ لگائیں۔
امریکہ کا پاکستان کو فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان
امریکہ سے پاکستان کو کرونا وائرس کی فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں رواں ہفتے موصول ہو جائیں گی۔
امریکہ نے گزشتہ دو ہفتوں میں پاکستان کو فائزر ویکسین کی مجموعی طور پر 95 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔ قبل ازیں امریکہ نے 66 لاکھ خوراکیں پاکستان کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کو متوقع طور پر آئندہ ہفتے تک سات لاکھ 20 ہزار فائزر ویکسین کی خوراکیں مل جائیں گی۔ امریکہ نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی مجموعی طور پر ایک کروڑ پانچ لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کیا ہے۔
جولائی میں امریکہ نے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 55 لاکھ خوراکیں فراہم کی تھیں۔