بھارت: کرونا وائرس سے 338 افراد ہلاک
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 338 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 ہزار 591 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد تین کروڑ 32 لاکھ 36 ہزار 921 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں کرونا سے اموات کی تعداد چار لاکھ 42 ہزار 655 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اموات میں 338 کا اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے اموات 46 لاکھ سے تجاوز کرگئیں
دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور اب تک 46 لاکھ سے زائد افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے جان ہاپکنز کرونا وائرس ریسورس سینٹر نے اتوار کو کہا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 22 کروڑ 43 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 46 لاکھ افراد کا انتقال ہوا ہے۔
سینٹر کے مطابق دنیا بھر میں پانچ ارب 70 کروڑ ویکسین کی خوراکیں بھی لگائی جا چکی ہیں۔
امریکہ: افغانستان سمیت دیگر آٹھ ملکوں کے لیے سفری انتباہ
امریکہ نے کرونا وبا کے خدشات کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو نو ممالک میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی س) نے پیر کو شہریوں کو افغانستان، البانیہ، سربیا، بلیز، لتھوینیا، گرینیڈا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سلووینیا اور موریشس میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق ان نو ممالک کو چوتھی کیٹیگری یعنی انتہائی خطرناک ملک کے درجے میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سی ڈی سی نے آسٹریلیا، رومانیہ اور ایتھوپیا کا درجہ بڑھا کر انہیں تیسرے اور برازیل کا درجہ چوتھے سے کم کر کے اسے تیسرے درجے میں رکھا ہے۔
آسٹریلیا: کینبرا میں لاک ڈاؤن میں توسیع
آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں 15 اکتوبر تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کینبرا کے چیف منسٹر اینڈریو بار کا کہنا ہے کہ حکام ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے کرونا کے پھیلاؤ کو محدود کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہی ایک محفوظ راستہ ہے جو کرسمس کے تہوار، گرمیوں کی چھٹیوں اور 2022 کو محفوظ تر بنائے گا۔
یاد رہے کہ کینبرا کے شہری 12 اگست سے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے مجموعی طور پر ایک ہزار 100 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔