پاکستان: کرونا وائرس سے مزید 71 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کچھ حد تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ شرح 5 فی صد سے کم رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55 ہزار 27 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے دو ہزار 580 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا کرونا وائرس سے مزید 71 مریض انتقال بھی کر گئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات 27 ہزار 206 تک پہنچ گئی ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید 30 ہزار 773 مریض
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید 30 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ کے جان ہاپکنز کرونا ری سورس سینٹر کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 309 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی اموات چار لاکھ 44 ہزار 838 ہوگئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 ہزار 773 نئے کرونا مریضوں کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد تین کروڑ 34 لاکھ 48 ہزار 163 تک پہنچ چکی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 82 لاکھ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 82 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کے جان ہاپکنز ری سورس سینٹر کے مطابق دنیا بھر میں اب تک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 46 لاکھ 88 ہزار 418 ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ اموات امریکہ میں ہوئی ہیں۔
امریکہ میں وائرس سے اب تک 42 کروڑ سے زائد افراد متاثر اور چھ لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان: یکم اکتوبر سے روزمرہ سہولتوں کی بندش کا انتباہ
پاکستان میں کرونا وبا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے منگل کو ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق یکم اکتوبر سے ایسے تمام افراد پر، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی، روز مرہ زندگی میں زیرِ استعمال بہت سی سہولتوں کی بندش کر دی جائے گی۔
این سی او سی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرائیں اور زندگی رواں رکھیں۔