آسٹریلیا میں کرونا کیسز بڑھنے کے باعث اسپتالوں پر دباؤ میں اضافہ
اومیکرون ویریئنٹ کی تشخیص کے بعد آسٹریلیا میں کرونا وبا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
دو ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں 37 ہزار 151 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان دونوں ریاستوں میں ملک کی تقریباً ڈھائی کروڑ آبادی بستی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے نیو ساؤتھ ویلز کے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت میں چار ماہ بعد ریکارڈ یومیہ کیسز کی تشخیص
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 37 ہزار 379 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ ستمبر کے بعد کیسز کی سامنے آنے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
دارالحکومت دہلی سمیت دیگر علاقوں میں اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے 124 اموات کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 82 ہزار 17 جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے 630 نئے کیسز کی تصدیق
پاکستان میں گزشتہ ایک روز کے دوران کرونا کے 630 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران 44 ہزار 198 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 630 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔
اس دوران کرونا سے دو اموات ہوئیں اور وائرس سے متاثر ہونے کی شرح ایک اعشاریہ چار دو فی صد رہی۔
دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجریوال کرونا پازیٹیو
دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
اروند کیجریوال نے گزشتہ روز ریاست اتراکھنڈ کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اپیل کی ہے کہ گزشتہ چند روز میں ان کے رابطے میں آنے والے افراد خود کو قرنطینہ کرلیں۔