بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے متجاوز
بھارت میں کرونا وبا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ماہرین کے مطابق وبا کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
بھارت دنیا بھر میں وبا سے اموات کی تعداد کے حساب سے چوتھے نمبر پر ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی تک بھارت میں چار لاکھ اموات رپورٹ کی گئی تھیں۔
احمد آباد کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر منسلک چن مے تومبے کے مطابق تین مختلف ڈیٹا بیسز کی بنیاد پر مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کے وسط تک وبا کے سبب 30 لاکھ اموات ہوئیں۔
تاہم گزشتہ ماہ اس تحقیق کو سرکاری سطح پر رد کر دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ملک میں اموات اور پیدائش رپورٹ کرنے کا نظام موجود ہے۔
بھارت کو اس وقت وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے جہاں کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز زیادہ رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔
کرونا وائرس دل کو کیسے متاثر کرتا ہے؟
کرونا وبا سے نمٹتے ہوئے دو سال سے زائد ہوگئے ہیں۔ اس کے صحت پر ان اثرات کے بارے میں بھی مزید حقائق واضح ہورہے ہیں جن کا تعلق براہ راست وائرس سے نہیں ہے۔ حال ہی میں کیا جانے والا سروے وبا سے متاثرہ امریکی شہریوں کے دل پر اثرات کی تفصیلی تصویر پیش کرتا ہے۔ مزید جانتے ہیں صبا شاہ خان سے 'لائف 360' میں۔
امریکہ میں نرسوں کے لیے گرین کارڈز اضافی تعداد میں دستیاب
امریکہ میں کرونا کی وبا سے نبرد آزما اسپتالوں کو نرسوں کی شدید کمی کا سامنا ہے اور اس کمی کو پورا کرنے اور صحت عامہ کے دیگرکارکنان کے لیے بیرونِ ملک کی جانب دیکھا جا رہا ہے۔
امریکہ میں چند سال پہلے کے مقابلے میں اس سال نرسوں سمیت غیر ملکی پیشہ ور افراد کے لیے دوگنی تعداد میں گرین کارڈز دستیاب ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کرونا کی وبا کے دوران بند رہنے والے امریکی قونصل خانوں نے امریکی شہریوں کے رشتہ داروں کو ویزے جاری نہیں کیے اور قانون کے مطابق یہ غیر استعمال شدہ کوٹہ اہل کارکنوں کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
اوماہا، نبراسکا میں امیگریشن اٹارنی ایمی ایل ایرالباکر اینڈرسن نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو برسوں میں غیر ملکی نرسوں کی جو طلب دیکھی ہے وہ اپنے کریئر کی اٹھارہ سالہ دور میں نہیں دیکھی تھی اور اس سال لگتا ہے کی ان کو امریکہ لانے کی منظوری مل جائے گی تاکہ امریکی قونصل خانے ان کی تمام درخواستوں پر کارروائی کرسکیں۔
پاکستان میں مسلسل تیسرے روز کیسز میں کمی
پاکستان میں کرونا کیسز میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار 338 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وبا کے شکار مزید 38 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 44 ہزار 779 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ چار پانچ فی صد رہی۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے شکار 1684 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں اتوار کو 4874 اور ہفتے کو 6137 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔