رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

15:04 9.2.2022

کینیڈا میں ٹرک ڈرائیور کا احتجاج، معاشی نقصان کا اندیشہ

کینیڈا کے سیاست دان اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ امریکہ اور کینیڈا کی مصروف ترین سرحدی گزر گاہ پر ٹرک ڈرائیورز کا ویکسین نہ لگوانے کے خلاف احتجاج سے معاشی نقصانات ہو سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ٹرک ڈرائیورز کرونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جس کے باعث امریکہ اور کینیڈا میں مصروف سرحدی گزر گاہوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

وزیر برائے پبلک سیفٹی مارکو مینڈیسنو کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ڈیٹرائٹ اور اور کینیڈا میں ونزر کے درمیان ایمبسڈر برج بند ہے اور اس پر کینیڈا سے امریکہ کی جانب ٹریفک کی روانی بند ہے البتہ امریکہ جانے والا کچھ ٹریفک اس پر جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پل سے امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والی تجارت کے لیے 25 فی صد ٹریفک گزرتا ہے۔

کینیڈا میں لگ بھگ دو ہفتوں سے ٹرک ڈرائیورز کا احتجاج جاری ہے۔ اس غیر معمولی احتجاج کے دوران ٹرک ڈرائیورز نے کئی مقامات پر ٹرک کھڑے کرکے راستے بلاک کر دیے ہیں۔

احتجاج کے دوران پارلیمان کے سامنے بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ دارالحکومت اوٹاوہ کے میئر نے گزشتہ اتوار کو ہنگامی حالات نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

13:05 10.2.2022

پاکستان میں کرونا سے مزید 47 اموات، مثبت کیسز 7.1 فی صد

پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران کرونا کے باعث اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور جمعرات کو ملک میں کرونا سے مزید 47 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ قبل ازیں بدھ کو چار ماہ بعد کرونا سے 50 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

کرونا وائرس پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 7.1 فی صد رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 3914 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 1716 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں کرونا سے اب تک 29 ہزار 648 اموات ہو چکی ہیں جب کہ مصدقہ کیس 14 لاکھ 74 ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔

15:35 10.2.2022

فی الحال ان ڈور ماسک نہ پہننے کی اجازت نہیں دے سکتے: سی ڈی سی

امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کرونا کیسز میں کمی کے باوجود فی الحال ان ڈور ماسک نہ پہننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں کووڈ-19 ریسپانس ٹیم کی بریفنگ کے دوران سی ڈی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشال ویلنسکی کا کہنا تھا کہ وبا ابھی اس مقام پر نہیں پہنچی جہاں ہم یہ فیصلہ کریں کے اب ان ڈور ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

ڈاکٹر روشال ویلنسکی نے رپورٹرز کو بتایا کہ امریکہ میں ایک ہفتے کے دوران کرونا کیسز میں 44 فی صد کمی آئی ہے جب کہ اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح بھی 25 فی صد کم ہوئی ہے۔

البتہ اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ میں گزشتہ ہفتے اموات کی شرح میں تین فی صد اضافہ ہوا ہے۔ لہذٰا وہ علاقے جہاں وائرس پھیلنے کے خدشات زیادہ ہیں وہاں ماسک پہننے کی گائیڈ لائنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

15:38 10.2.2022

بھارت: وائرس کی پھیپھڑوں تک رسائی روکنے کے لیے نیزل اسپرے متعارف

بھارت کی ایک دوا ساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کرونا وائرس کو پھیھڑوں تک پہنچنے سے روکنے والا ایک نیزل اسپرے تیار کیا ہے جو بزرگوں اور کم قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کے لیے فائدہ مند ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی دوا ساز کمپنی 'گلین مارک' نے کینیڈین کمپنی 'سینوٹائز ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ' کے اشتراک سے 'فیبی اسپرے' کے نام سے نیزل اسپرے تیار کیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس نیزل اسپرے کو لانچ کرنے سے قبل کرونا سے متاثرہ 306 افراد پر فیز تھری کلنیکل ٹرائلز کیے گئے جس میں ثابت ہوا کہ یہ اسپرے اُن بالغ مریضوں کے لیے فائدہ مند تھا جو اسپتال میں زیرِ علاج نہیں تھے۔

تحقیق میں یہ بھی ثابت ہوا کہ نیزل اسپرے استعمال کرنے والے مریض وائرس کا شکار ہونے کے بعد زیادہ بیمار نہیں ہوئے۔

بھارت میں اس اسپرے کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم میڈیکل اسٹورز سے اس کے حصول کے لیے رجسٹرڈ ڈاکٹر کا نسخہ درکار ہو گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG