معروف ٹیلی ویژن سیریز 'گیم آف تھرونز' کے مداح اب اس افسانوی سیریز کے پردے کے پیچھے کی سیر کر سکیں گے۔ شمالی آئرلینڈ کے قصبے بین برج میں واقع 'لینن مِل اسٹوڈیوز' کو چار فروری 2022 سے شائقین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یہ ان مقامات میں سے ایک ہے جہاں 'گیم آف تھرونز' کی عکس بندی کی گئی ہے۔ اب مداح سیریز میں فلمائے گئے مقامات اور اس میں استعمال ہونے والے ملبوسات دیکھنے کے لیے اسٹوڈیو کا رُخ کر سکیں گے۔ 'گیم آف تھرونز' جارج آر آر مارٹن کی ناول سیریز 'دی سونگ آف فائر اینڈ آئس' سے ماخوذ ہے جس کی کہانی ویسٹروس نامی ایک افسانوی سرزمین کے گرد گھومتی ہے جس کی حکمرانی کے لیے کئی بااثر خاندان ایک دوسرے سے برسرِ پیکار ہیں۔ ایچ بی او سے نشر کی جانے والی یہ ڈرامہ سیریز کل آٹھ سیزنز پر مبنی تھی جسے ڈیوڈ بینی آف اور ڈی بی وائس نے پروڈیوس کیا تھا۔ سیریز 2011 سے 2019 تک جاری رہی تھی اور اس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیے تھے۔