رسائی کے لنکس

بھارت: پل منہدم ہونے سے 23 ہلاک، امدادی کارروائیاں جاری


کولکتہ میں اوورپاس پل گرنے سے زخمی ہونے والے ایک شخص کو طبی امداد کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔
کولکتہ میں اوورپاس پل گرنے سے زخمی ہونے والے ایک شخص کو طبی امداد کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔

مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے رش والے علاقے باڑہ بازار میں اوورپاس پل کی تعمیر کا مقصد ٹریفک کی آمدورفت کو آسان بنانا تھا مگر دوران تعمیر اس کا 100 میٹر طویل حصہ منہدم ہو گیا۔

امدادی کارکن آریاں، چھوٹی کرینیں اور ہاتھ استعمال کرتے ہوئے جمعے کو بھارت کے شہر کولکتہ میں منہدم ہونے والے پل کے ملبے سے زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

پولیس نے اس پل کی تعمیراتی کمپنی سے وابستہ پانچ افراد کو حراست میں لینے کا بتایا ہے۔

کولکتہ کے گنجان علاقے میں ہونے والے اس حادثے میں کم از کم 23 ہلاک ہو گئے ہیں اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

کولکتہ پولیس سارجنٹ پی چکربورتی کے مطابق جمعے کی صبح تک نصف سے زائد ملبے کو صاف کر لیا گیا تھا اور 67 افراد کو اس میں سے زندہ نکال لیا گیا تھا۔ مگر خدشہ ہے کہ اب بھی کچھ لوگ ملبے میں پھنسے ہیں۔ اب یہ واضح نہیں کہ کتنے افراد لاپتہ ہیں۔

مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے رش والے علاقے باڑہ بازار میں زیر تعمیر اس اوورپاس پل کی تعمیر کا مقصد ٹریفک کی آمدورفت کو آسان بنانا تھا۔ اس کے لیے سٹیل گرڈر پہلے ہی تعمیر کیے جا چکے تھے اور جمعرات کو ان میں کنکریٹ بھرا گیا تھا۔

کنکریٹ سوکھنے کے دوران چند گھنٹوں بعد ہی اوورپاس کا 100 میٹر طویل حصہ گر گیا جبکہ باقی حصہ اپنی جگہ پر قائم رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 80 افراد میں سے 39 کو اسپتال لے جایا گیا اور ابھی ان کا علاج جاری ہے۔ حادثے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوج اور نیشنل ڈزاسٹر رسپانس فورس کے اہلکار اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں اور وہ جمعے تک امدادی اور ملبہ صاف کرنے کا کام مکمل کر لیں گے۔

XS
SM
MD
LG