رسائی کے لنکس

مریخ کی سطح کیسی دکھائی دیتی ہے؟ ناسا نے ہائی ریزولوشن ویڈیو جاری کر دی


ویڈیو میں روور کے مریخ کی سرزمین پر اُترتے وقت سرخ دھول کو اٹھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں روور کے مریخ کی سرزمین پر اُترتے وقت سرخ دھول کو اٹھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکہ کے خلائی ادارے 'ناسا' نے اپنے خلائی جہاز کے مریخ پر اترنے کی پہلی ہائی ریزولوشن ویڈیو اور تصاویر جاری کر دی ہیں۔

تین منٹ پر محیط اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راکٹ انجنز روور کو مریخ کی سطح پر لاتے ہیں تو ایک بہت بڑا نارنجی اور سفید رنگ کا پیراشوٹ کھل جاتا ہے۔

ویڈیو میں روور کے مریخ کی سطح پر اُترتے وقت سرخ دھول اڑتی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

روور پر نصب چھ کیمرے مریخ میں داخل ہونے اور اس کے نیچے اترنے کے مناظر محفوظ کرنے کے لیے مختص تھے۔ ایک کے علاوہ تمام کیمروں نے کام کیا۔

روور پر موجود واحد مائیکروفون نے لینڈنگ کے عین وقت پر کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ لیکن ناسا نے سطح مریخ پر اترنے کے وقت کی کچھ آوازیں ریکارڈ کی ہیں جس میں روور کے سسٹم اور تیز ہواؤں کی آوازیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ناسا کا مریخ پر بھیجا گیا مشن 'پرسیورنس' 18 فروری کو مریخ کے 'جیزورو کریٹر' پر اترا تھا، اس مقام کو ایک قدیم دریا یا جھیل خیال کیا جاتا ہے۔

اس مشن کا مقصد دورِ قدیم میں کسی بھی سطح پر زندگی کے آثار کی کھوج لگانا ہے۔

فلائٹ کنٹرولرز ہزاروں تصاویر اور روور کی درست حالت کو دیکھ کر بے حد خوش تھے۔ یہ روور اگلے دو سال مریخ پر گزارے گا اور یہاں ان چٹانوں میں ڈرلنگ کرے گا جو ہو سکتا ہے کہ تین سے چار ارب سال پہلے زندگی کے ثبوت لیے ہوئے ہوں۔

روور ٹیم کے ارکان کا کہنا ہے کہ خلائی مشن کے مریخ پر اترنے کی ویڈیو کوالٹی بہت اچھی تھی اور تصاویر بھی بہت شاندار تھیں۔ اُن کے بقول ایسا لگ رہا تھا کہ وہ بھی وہیں راکٹ پر سوار ہیں۔

کیمرہ ٹیم کے سربراہ ڈیو گروایل کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی ویڈیو دیکھتے ہیں تو ان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

روور کی لینڈنگ ٹیم کے انچارج ال چین کے بقول "یہ ویڈیو اور تصاویر ہمارے خوابوں کا حصہ ہیں۔"

واضح رہے کہ ناسا کا تین ارب ڈالر کا یہ مشن مریخ پر جانے والا سب سے مہنگا مشن ہے جس پر 23 کیمرے نصب ہیں۔

اس سے قبل خلائی ادارے نے سال 2012 میں 'کیوراسٹی' نامی روور مریخ پر بھیجا تھا۔ لیکن اس نے صرف دھندلی تصایر اور موشن پکچرز بھجوائی تھیں۔ 'کیوراسٹی' اب بھی کام کر رہا ہے۔ اسی طرح ناسا کا 'ان سائٹ لینڈر' بھی مریخ پر موجود ہے مگر اس کے سولر پینلز پر دھول پڑ چکی ہے۔

ڈپٹی پراجیکٹ مینجیر میٹ والیس کے مطابق کئی سال قبل اُنہیں 'پرسیورنس' کی مریخ پر اترنے کو فلم بند کرنے کا خیال اُس وقت آیا تھا جب اُن کی بیٹی نے الٹی قلابازی لگاتے ہوئے اپنے جسم کے ساتھ کیمرا لگا رکھا تھا۔

ناسا کے سائنس مشن کے چیف تھامس زربکن کا کہنا ہے کہ روور کی ویڈیو اور سطح مریخ کو چھونے کے دوران محفوظ کیے گئے پینورامک (جہاں نما) مناظر اس کے قریب ترین ہیں جو آپ مریخ پر بنا پریشر سوٹ استعمال کیے خود اتر کر بنا سکتے ہیں۔

انجینئروں کے مطابق یہ تصاویر اگلے عشروں میں ناسا کو اپنے خلا بازوں کو مریخ پر بھجوانے کے لیے تیاریوں میں مددگار ثابت ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG