صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کی ووٹرز سے گفتگو

صدر ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے براہ راست 'این بی سی نیوز ٹاؤن ہالز فورم' میں شرکت کی اور تقریباً ایک گھنٹے تک فلوریڈا کے ووٹرز سے خطاب کیا۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے نیشنل کانسٹی ٹیوشن سینڑ فلاڈیلفیا سے ٹاؤن ہالز فورم میں شرکت کی۔

صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کی انتخابی مصروفیات کو ٹی وی چینلز نے براہِ راست نشر کیا۔ جو بائیڈن نے صدر ٹرمپ پر کووڈ-19 کی سنگینی چھپانے کا الزام عائد کیا۔

کرونا وائرس سے متعلق تنقید پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے عوام کی صحت سے متعلق تشویش ہے میں وبا کی وجہ سے تہہ خانے میں نہیں چھپ سکتا۔ صدر نے خطاب کے دوران ٹیشو پیپر سے اپنی ناک صاف کی۔ صدر ٹرمپ حالیہ ہفتوں کے دوران ہی کرونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

صدر ٹرمپ سے ٹیکس کی ادائیگی کا سوال کیا گیا تو انہوں نے صرف اتنا ہی کہا کہ 'نیویارک ٹائمز' کے پیش کردہ اعداد و شمار درست نہیں۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بحیثیت صدر اپنے پہلے سال صرف 750 ڈالر ٹیکس ادا کیا تھا۔

ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کے حامی صدر ٹرمپ کی میامی آمد سے قبل پریز آرٹ میوزیم کے باہر جمع ہو گئے تھے جہاں انہوں نے جو بائیڈن کے حق میں نعرے لگائے اور خوشی کا اظہار کیا۔

جوبائیڈن کے حامیوں کی طرح ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی بھی پریز آرٹ میوزیم کے باہر جمع تھے۔ انہوں صدر ٹرمپ کے حق میں نعرے لگائے۔