کینیڈا میں جنگل کی آگ سے تباہی

کینیڈا کے جنگل میں لگنے والی آگ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

جنگل میں یہ آگ اتوار کو لگی تھی جس نے بدھ تک 24710 ایکڑ پر محیط جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کی لپیٹ میں آ کر 1600 عمارتیں تباہ ہو گئیں ہیں۔

حکام کی طرف سے کہا جا رہا تھا کہ منگل تک اس آگ پر قابو پا لیا جائے گا لیکن تیز ہوا نے ان ارادوں کو ناکام بنا دیا۔

آگ سے کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔

90 ہزار افراد کی اس شہر سے نقل مکانی کو صوبہ البرٹا کی تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فورٹ مک مرے کے رہائشیوں کو اپنے گھروں میں واپسی کے لیے لمبا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔