تصاویر: شدید سردی سے نیاگرا آبشار بھی منجمد

کینیڈا اور اس سے متصل امریکہ کی شمالی ریاستیں ان دنوں شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

خون جما دینے والی اس شدید ترین سردی نے نیاگرا آبشار کو بھی منجمد کر دیا ہے۔

مسلسل سردی کے باعث آبشار اور اس کے ارگرد کا علاقہ مکمل طور پر برف کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

نیاگرا کا شمار دنیا کی سب سے بڑی اور خوبصورت ترین آبشاروں میں ہوتا ہے۔

ہر سال 40 لاکھ سے زیادہ سیاح اس آبشار کو دیکھنے آتے ہیں۔

نیاگرا آبشار شمالی امریکہ کی دو بڑی جھیلوں ایری اور اونٹاریو کو آپس میں ملاتی ہے۔

اگرچہ ہر سال موسم سرما میں نیاگرا آبشار کا ایک بڑا حصہ منجمد ہو جاتا ہے لیکن رواں سال منجمد آبشار کا منظر ہی کچھ اور ہے۔

آبشاروں تک پانی لے جانے والے دریا نیاگرا کی سطح برف سے ڈھک چکی ہے اور آبشاروں کا پانی گرنے کی جگہ بھی منجمد ہو چکی ہے۔

سخت سردی کے باعث نیاگرا سے متصل دریا میں برف کے تودے تیرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

سیاح سیلفی کے ذریعے اس قدرتی دلکش منظر کو محفوظ کر رہے ہیں۔

نیاگرا فالز میں شامل 'ہارس شُو' آبشار کے اطراف کے درخت اور پتھر برف سے ڈھک چکے ہیں۔

کینیڈا کے محکمۂ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔