شام: داریا سے باغیوں اور شہریوں کا انخلا

شام میں چار سالہ محاصرہ ختم کرنے پر اتقاق کے بعد داریا شہر سے شہریوں اور باغی جنگجوؤں کا انخلا شروع ہو گیا ہے۔

داریا سے روانہ ہونے والی پہلی بس میں زیادہ تر بچے، عورتیں اور عمر رسیدہ افراد سوار تھے۔

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق داریا معاہدے کے تحت سات سو مسلح افراد باغیوں کے زیر تسلط علاقے ادلب چلے جائیں گے جبکہ چار ہزار شہری سرکاری پناہ گاہوں میں منتقل ہوں گے۔

انخلا کے پیش نظر بسوں کے علاوہ ایمبولینسز کی ایک بڑی تعداد بھی شہر کے قریب موجود ہے۔

اس شہر کے محصورین کو آخری مرتبہ جون میں امدادی سامان فراہم کیا گیا تھا۔

شام میں پانچ سال سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے تقریباً پانچ لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔