داؤد ابراہیم سخت بیمار، ممبئی میں دفن ہونا چاہتے ہیں، بھارتی میڈیا

داؤد ابراہیم سخت بیمار، ممبئی میں دفن ہونا چاہتے ہیں، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا رپورٹوں کے مطابق، داؤد نے اپنے آدمیوں سے کہا ہے کہ وہ ممبئی میں یا پھر ممبئی سے قریب رتناگری ضلع کے قصبے کھیڑ میں، جو اُن کا وطن ہے، اُن کے لیے قبر کی جگہ تلاش کریں

انڈر ورلڈ ڈان، داؤد ابراہیم اِس وقت سخت بیمار ہیں اوراُن کی خواہش ہے کہ اُن کےانتقال کےبعد اُن کی تدفین ممبئی میں ہو۔ یہ دعویٰ بھارتی میڈیا رپورٹس میں کیا گیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق، داؤد نے اپنے آدمیوں سے کہا ہے کہ وہ ممبئی میں یا پھر ممبئی سے قریب رتناگری ضلع کے قصبے کھیڑ میں، جو اُن کا وطن ہے، اُن کے لیے قبر کی جگہ تلاش کریں۔

ممبئی کرائیم برانچ کے سربراہ ہیما شو رائے نے بھی اِس خبر کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ہم لوگ داؤد کی اِس خواہش سے باخبر ہیں۔اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ گنگسٹرزبھارت واپس آنا چاہتے ہیں۔ لیکن، اُنھیں ڈر ہے کہ اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ دو برس میں داؤد ابراہیم کو دوبار دل کا دورہ پڑ چکا ہے اور اُن کا خیال ہے کہ اُن کی زندگی کے دِن اب زیادہ نہیں بچے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اور اُن کے اہلِ خانہ اُن کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

صحت کی خرابی کی وجہ سے ہی اُنھوں نے اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی مقررہ تاریخ سے ایک سال قبل ہی کردی ہے، جب کہ بڑی بیٹی کی شادی پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میان داد کے بیٹے کے ساتھ پہلے ہی ہو چکی ہے۔

داؤد ابراہیم پر الزام ہے کہ 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں میں اُنہی کا ہاتھ تھا، جِن میں 250سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ 2008ء میں ممبئی پر ہونے والےدہشت گرد حملوں میں بھی اُنھوں نے مدد کی تھی۔

بھارت کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ داؤد ابراہیم کراچی میں رہ رہے ہیں اور اُس نے پاکستان کے سامنے جِن مطلوبہ افراد کی فہرست پیش کی ہے اُن میں داؤد بھی شامل ہے، جب کہ پاکستان کی حکومت مسلسل اِس کی تردید کرتی رہی ہے کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں رہ رہے ہیں۔