لاہور: شادی بیاہ کی شان بڑھاتی میوزک اسٹریٹ

شادی بیاہ کی تقریبات میں ڈھول، باجا اور موسیقی کے دیگر آلات اور اُنہیں بجانے والے تقریب کی شان میں اضافہ کرتے ہیں۔

اندرون لاہور کے ٹیکسالی گیٹ میں اونچا چیت رام روڈ ایسے افراد کی جائے روزگار ہے جو گلے میں ڈھول پہن کر لوگوں کو محظوظ کرنا جانتے ہیں۔

موسیقی کا پُرانا آلہ شہنائی بجانے والے بھی لاہور میں صرف اسی مرکز پر ملتے ہیں۔

بانسری، ستار، ہارمونیم یا کوئی بھی ساز بجانے والے ان فن کاروں کو انفرادی یا اجتماعی طور پر گروپ کی شکل میں لوگ اپنی تقریبات کے لیے بُک کراتے ہیں۔

سروسز مہیا کرنے والے گروپس دس ہزار روپے سے لے کر کام اور تقریبات کی مناسبت سے ریٹ طے کرتے ہیں۔

ان ہی دُکانوں کے درمیان بگھی والے بھی اپنی دُکان لگائے نظر آتے ہیں جہاں گھوڑوں، سائیکل، پھولوں والی رنگ برنگی بگھیاں اور جدید ڈولیاں بھی ڈیمانڈ کے مطابق کرائے پر دی جاتی ہیں۔

یہاں موسیقی کے آلات بنانے اور اُن کی مرمت کرنے والے بھی بیٹھتے ہیں۔

جدید دور کے اعتبار سے یہاں بہت سی دُکانیں گٹار، ڈی جے سسٹم سمیت فنکشن کو یادگار بنانے کے لیے دیگر سہولیات بھی آفر کر رہے ہیں۔

کچھ لوگ اپنی نوجوان نسل کو بھی اس فن کی تربیت دے رہے ہیں۔

یہاں موجود کاریگر اب کام کم ہونے کا شکوہ کرتے بھی نظر آتے ہیں۔