پیسے دیے بغیر ٹوئٹر اکاؤنٹ کو محفوظ کیسے بنایا جائے؟

فائل فوٹو

گزشتہ ہفتے ٹوئٹر نے اپنےصارفین کو پیغام بھیجا تھا کہ اگر وہ اپنا اکاؤنٹ ٹو فیکٹر اوتھنٹیکیشن کے تحت رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں کمپنی کی جانب سے تصدیقی بلیو چیک مارک لینا پڑے گا جس کی قیمت ماہانہ آٹھ ڈالر ہے۔

اس پیغام میں بتایا گیا تھا کہ ایسے اکاؤنٹ 19 مارچ کے بعد ٹیکسٹ میسج کے ذریعے اکاؤنٹ کی تصدیق کا فیچر کھو بیٹھیں گے۔کمپنی کے مطابق 20 مارچ کے بعد ماہانہ سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو ہی دستیاب ہوگی۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ جو ٹوئٹر صارفین ٹو فیکٹر اوتھنٹیکیشن کے لیے ٹیکسٹ میسج پر انحصار کرتے ہیں انہیں اس کے لیے سبسکرپشن سروس کا حصہ بننا ہوگا۔

ٹوئٹر کا ماننا ہے کہ ایس ایم ایس کے ذریعے ٹو فیکٹر اوتھنٹیکیشن کوڈ بھیجنا محفوظ نہیں اور ہیکرز آسانی سے ڈیوائس کا کنٹرول سنبھال کر کسی بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

SEE ALSO: فیس بک اور انسٹاگرام صارفین بھی اب معاوضہ دے کر 'بلیو ٹک' حاصل کر سکیں گے

ٹو فیکٹر اوتھنٹیکیشن فیچر کیا ہے؟

اس فیچر کے تحت اگر کوئی صارف اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کرتا ہے تو اس اکاؤنٹ سے متعلق فون نمبر پر ایک سیکیورٹی کوڈ بھیجا جاتا ہے، اس کوڈ کے ویب سائٹ پر درست اندراج کے بعد ہی لاگ ان کیا جا سکتا ہے۔

اس فیچر کے تحت آن لائن اکاؤنٹس کو محفوظ بنایا جاتا ہے کیوں کہ لاگ ان ہونے کے لیے پاس ورڈ کے ساتھ ساتھ ایک اور ایپ، ڈیوائس یا فون نمبر کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

ٹوئٹر ٹیکسٹ میسیج سے متعلق ٹو فیکٹر اوتھنٹیکیشن کا فیچر عام صارفین کے لیے ختم کر رہا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

سب سے زیادہ مالی نقصان اٹھانے کا عالمی ریکارڈ

ٹوئٹر یہ فیچر ختم کیوں کر رہا ہے؟

گزشتہ ہفتے ٹوئٹر نے ایک بلاگ پوسٹ پر بتایا تھا کہ اگرچہ یہ فیچر اس کے صارفین میں بہت مقبول ہے لیکن کچھ' برے عناصر' نے اس فیچر کا غلط استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔

کمپنی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی جانب سے اس سلسلے میں مزید تفصیلات فراہم کرنے کے سوال کا جواب نہیں دیا۔

گزشتہ برس 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے والے امریکی ارب پتی ایلون مسک کمپنی کا منافع بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Your browser doesn’t support HTML5

ٹیک کمپنیاں ملازمین کو کیوں نکال رہی ہیں؟

ٹوئٹر اکاؤنٹ محفوظ بنانے کے مزید کیا طریقے ہیں؟

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اپنے فون پر صارفین اوتھنٹیکیشن ایپ انسٹال کر سکتے ہیں۔ یہ ایپس سیکیورٹی کوڈ پیدا کرتے ہیں جنہیں آپ ٹوئٹر کی ایپ میں لاگ ان کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ ایپس گوگل یا اینڈرائٹ ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہیں۔ ان ایپس میں مائیکروسافٹ اور گوگل کے علاوہ اوتھی، ڈیو موبائل اور ون پاس ورڈ شامل ہیں۔

اس طریقہ کار کو استعمال کرنے کے لیے کمپیوٹر پر ٹوئٹر کی ویب سائٹ کھول کر سیٹنگ اینڈ پرائیویسی میں جائیں۔ یہاں 'سیکیورٹی اینڈ اکاونٹ ایکسیس' کا آپشن ہے جہاں 'سیکیورٹی' کا آپشن موجود ہوگا۔

یہاں 'اوتھنٹیکیشن ایپ' کے آپشن کا انتخاب کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ ٹوئٹر یہاں صارفین سے ان کا ای میل ایڈریس مانگے گا۔

یہاں سیٹنگ مکمل کرنے کے بعد آپ اوتھنٹیکیشن ایپ میں پیدا ہونے والے کوڈ کو استعمال کر کے ٹوئٹر پر لاگ ان ہو سکیں گے۔