امریکہ میں 'آئیڈا' طوفان اور سیلاب کی تباہ کاریاں

سب سے زیادہ اموات نیو جرسی میں رپورٹ ہوئیں جہاں بدھ اور جمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں کے بعد مختلف حادثات میں 23 افراد ہلاک ہوئے۔

سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں کئی گھر پانی میں بہہ گئے۔

سیلابی پانی اور درختوں کے گرنے کی وجہ سے ریاست میری لینڈ، پنسلوینیا، کنیٹی کٹ اور نیویارک میں بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

صدر جو بائیڈن نے جمعرات کی شب نیویارک اور نیوجرسی کو آفت زدہ ریاستیں قرار دیا ہے۔

سیلاب کی وجہ سے نیویارک سٹی کا سب وے سسٹم بھی بند ہو گیا جس کی دوبارہ بحال کا کام جاری ہے۔

وفاقی ادارے نیویارک اور نیو جرسی کے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی مدد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی تلاش اور مرنے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

نیو یارک شہر میں بدھ کی شب موسلا دھار بارش کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا۔ بارش کا پانی سب ویز اور لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے بھی ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیو جرسی کے باسیوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

نیویارک شہر میں ایک گھر کے تہہ خانے میں پانی بھرنے کی وجہ سے 11 افراد ہلاک ہوئے۔

ریاستِ میری لینڈ کے شہر ایناپلس میں بھی طوفان نے تباہی مچا دی جہاں درجنوں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔

کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

امریکہ کے جنوبی حصے میں طوفان آنا معمول کی بات ہے لیکن سائنس دانوں نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث سمندری سطح گرم ہونے پر طوفان کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

سمندری طوفان 'آئیڈا' کے اثرات امریکہ کے شمال مشرقی حصوں میں نظر آ رہے ہیں۔