بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے دو اعلیٰ کمانڈروں اور اُن کے ذاتی محافظ کو ہلاک کردیا

بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے دو اعلیٰ کمانڈروں اور اُن کے ذاتی محافظ کو ہلاک کردیا

سری نگر میں بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل، جے ایس برار نے بتایا ہے کہ بدھ کو سری نگر کے جنوب میں واقع ایک گاؤں میں جھڑپ کے دوران سب سے بڑی مقامی عسکری تنظیم، حزب المجاہدین کا ایک ڈویزنل کمانڈر لطیف دیدار، بٹالین کمانڈر رفیق احمد گُجری اور اُن کا ذاتی محافظ منیر احمد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان نے اِن ہلاکتوں کو بھارتی کشمیر میں برسرِ پیکار جنگجوؤں ، بالخصوص حزب المجاہدین کے خلاف جاری فوجی مہم کا ایک اہم واقع اور ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ عسکریت پسند ایک نجی مکان میں موجود تھے جِس کی مقامی پولیس کو اطلاع ملتے ہی باضابطہ فوج کے ساتھ ساتھ بھارت کی وفاقی پولیس فورس اور کشمیر پولیس کے عسکریت مخالف سپیشل آپریشنز گروپ کو متحرک کردیا گیا۔

حفاظتی دستوں نے بدھ کی صبح علاقے کو گھیرے میں لے کر عسکریت پسندوں کی عارضی کمین گاہ کی طرف پیش قدمی شروع کردی۔ لیکن، جونہی وہ نجی مکان کے نزدیک پہنچے، ترجمان کے مطابق، عسکریت پسندوں نے اُن پر گولی چلادی جو طرفین کے درمیان خون ریز جھڑپ پر منتج ہوئی۔ فوجیوں کو بھی کوئی جانی نقصان ہوا کہ نہیں، ترجمان نے اِس بارے میں کچھ نہیں کہا۔

جھڑپ کے دوران عبد الرشید خان نامی شہری کا مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

بھارتی عہدے داروں کے مطابق ہلاک شدہ عسکریت پسند کمانڈر لطیف دیدار حفاظتی دستوں کو سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا اوراُس علاقے میں گذشتہ دس برس سے سرگرم تھا۔