کرونا وائرس سے جنگ میں طبی آلات ہی اسلحہ ہیں

'یوم فوج' کے موقع پر "ملک کے محافظ، صحت میں مددگار" کے عنوان سے ایک چھوٹی سی فوجی پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پریڈ میں شریک کمانڈوز نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہنے ہوئے تھے۔

​یہ پریڈ عام طور پر ہونے والی فوجی پریڈ سے خاصی مختلف تھی۔ اس میں نہ تو اسلحے کی نمائش کی گئی اور نہ ہی جنگی طیاروں کی گھن گرج سنائی دی۔ بلکہ فوجی گاڑیاں بھی سڑکوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتی دکھائی دیں۔

ایران میں 'آرمی ڈے' کے موقع پر فوج کے پیرامیڈیکل دستوں نے طبی آلات کے ساتھ سڑکوں پر گشت کیا۔

فوجی گاڑیاں سڑکوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کرتی رہیں۔

پریڈ میں شامل ایک فوجی گاڑی جراثیم کش ادویات کا اسپرے کر رہی ہے۔

ایران کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالرحیم موساوی نے بھی کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں شریک 11 ہزار سے زائد فوجی طبّی عملے کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے اس موقع پر فوجیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے ماحول میں یہ ممکن نہیں ہے کہ فوجیوں کی باقاعدہ پریڈ کی جا سکے۔ ہمارا مقابلہ جس دشمن سے ہے، وہ چھپا ہوا ہے اور فرنٹ لائن پر ڈاکٹر اور طبی عملہ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 4958 ہو گئی ہیں۔ ایران مشرق وسطی میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد 79 ہزار 400 سے زائد ہو چکی ہے۔