ترکی: مسجد میں جوتوں کا ریک راشن اسٹور میں تبدیل
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ترکی میں بھی اجتماعی عبادات پر پابندی ہے۔ لہذٰا لوگ استنبول کی ایک مسجد میں جوتوں کے ریکس والی جگہ پر ضرورت مند افراد کے لیے کھانے پینے کی اشیا رکھ رہے ہیں۔
اس کام میں مسجد کے امام عبدالصند شاکر پیش پیش ہیں جو یہ سامان خود اٹھاتے ہیں اور انہیں ریکس میں رکھتے ہیں۔
یہ ریکس مسجد کے مرکزی داخلی دروازے پر رکھے ہوئے ہیں اور سامان بھر جانے کے بعد کسی گروسری اسٹور کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
ترکی میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار زندگی بند ہو کر رہ گیا ہے۔ ایسے میں مخیر حضرات غریب اور مستحق افراد کی مدد کر رہے ہیں۔
تمام مساجد کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے بند ہیں اور وہاں جمعے کو بھی باجماعت نماز ادا نہیں کی جارہی۔ اسیے میں کچھ لوگ مساجد کے قریب قائم پارکوں میں نماز ادا کررہے ہیں۔
ترکی کی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے کچھ حصوں میں کرفیو بھی لگایا تھا۔
استبول کی مساجد میں اگرچہ باجماعت نمازیں ادا نہیں کی جارہیں تاہم انفرادی طور پر نماز پڑھنے والے افراد کے تحفظ کے لیے بھی جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔
ترکی میں کرونا سے 2500 کے لگ بھگ ہلاکتیں جب کہ ایک لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہیں۔