میراڈونا مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے

میراڈونا نے اپنے کریئر کا آغاز 'ارجنٹینوز جونئیرز' کلب سے کیا اور کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے 'بوکا جونئیرز' میں شمولیت اختیار کی۔ 

​سن 1981 میں میرا ڈونا کو پہلا پروفیشنل سوکر پلئیر کا ٹائٹل ملا جس کے بعد انہوں نے یورپ کا رخ کیا۔ اس سفر میں انہیں متعدد کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ یہیں سے وہ لیجنڈ فٹ بالر بننے کے سفر پر گامزن ہوئے۔

میرا ڈونا بارسلونا کلب سے وابستہ ہوئے اور تین مرتبہ ٹیم کو ٹائٹل جتوا کر فٹ بال کی دنیا میں اپنی پہچان بنائی لیکن میرا ڈونا کو اصل مقبولیت 1986 سے ملنا شروع ہوئی۔

سن 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف انہوں نے وہ گول کیا جس کے چرچے فٹبال کی تاریخ میں آج تک کیے جاتے ہیں اور جسے 'ہینڈ آف گاڈ' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس گول کی وجہ سے انگلینڈ کو شکست ہوئی۔

آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوالی فائنگ میچ کے دوران 15 نومبر 1993 کو اتاری گئی ایک یادگار تصویر جس میں میرا ڈونا ساتھی کھلاڑیوں جارج بوریلی اور ڈیگو زیپٹا سے فٹ بال چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

میدان کے باہر میرا ڈونا کو بے باک اپنی بات کہنے والے شخص کے طور پر جانا جاتا تھا۔ وہ کیوبا کے رہنما فیڈل کاسترو کے اچھے دوست تھے۔
 

میرا ڈونا وینزویلا کے آنجہانی صدر ہیوگو شاویز کے بھی بہت قریب سمجھے جاتے تھے۔
 

آٹھ جون 1990 کو میلان میں کیمرون اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ اوپننگ میچ میں میراڈونا ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔

میرا ڈونا کا کریئر کئی اہم کامیابیوں سے ہمکنار ہوا۔ انہوں نے 91 بین الاقوامی میچز میں ارجنٹائن کی طرف سے 34 گول اسکور کیے۔ مجموعی طور پر مختلف کلبز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اُنہوں نے 491 میچز میں 259 گول اسکور کیے۔

میرا ڈونا 1997 میں ریٹائر ہوئے لیکن فٹ بال سے ان کا رشتہ برقرار رہا۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد ارجنٹینا فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیے۔